’ساقی ساقی‘ گرل کوئنا مترا کو جیل اور جرمانے کی سزا

23 جولائ 2019
اداکارہ پرساتھی ماڈل کو دھوکا دینے کا الزام تھا—فوٹو: ٹائمز آف انڈیا
اداکارہ پرساتھی ماڈل کو دھوکا دینے کا الزام تھا—فوٹو: ٹائمز آف انڈیا

بولی وڈ اداکارہ و ماڈل کوئنا مترا کو ممبئی کی ایک عدالت نے قرض کے پیسے واپس نہ دینے اور دھوکہ دہی کے الزام میں کم سے کم 6 ماہ جیل اور تقریبا 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی۔

35 سالہ اداکارہ و ماڈل پر الزام تھا کہ انہوں نے 6 سال قبل ماڈل پونم سیٹھی سے 2013 میں 22 لاکھ روپے کا قرض لیا تھا، تاہم اسے واپس کرنے میں انہوں نے تاخیری حربے استعمال کیے۔

ممبئی مرر کے مطابق کوئنا مترا کو قرض کے پیسے واپس نہ کرنے اور قرض کی ادائگی کے لیے جعلی چیک دینے پر ممبئی کی مقامی عدالت نے 6 ماہ جیل اور 4 لاکھ 61 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی۔

رپورٹ کے مطابق کوئنا مترا کو جرمانے کے 4 لاکھ 61 ہزار روپے متاثرہ ماڈل پونم سیٹھی کو ادا کرنے پڑیں گے، جن سے انہوں نے 22 لاکھ روپے کا قرض لیا تھا۔

عدالت نے کوئنا مترا کے دلائل کو تسلیم نہیں کیا—فوٹو: انسٹاگرام
عدالت نے کوئنا مترا کے دلائل کو تسلیم نہیں کیا—فوٹو: انسٹاگرام

رپورٹ کے مطابق کوئنا مترا نے لیے گئے 22 لاکھ روپے میں سے زیادہ تر قرض واپس کردیا تھا، تاہم ان کی جانب سے پونم سیٹھی کو قرض کی ادائگی کے لیے دیا گیا چیک باؤنس ہوگیا تھا، جس پر پونم نے کوئنا کو نوٹس بھیجا تھا، تاہم کوئنا نے انہیں نوٹس کو جواب نہیں دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ’ساقی ساقی‘ کا نیا ورژن کوئنا مترا کو بھی پسند نہ آیا

کوئنا مترا کی جانب سے نوٹس کا جواب نہ دیے جانے کے بعد پونم نے ان کے خلاف جولائی 2013 میں پولیس میں مقدمہ دائر کروایا تھا، جس کے بعد دونوں کا مقدمہ عدالت میں پہنچا۔

رپورٹ کے مطابق رواں ماہ کے آغاز میں ممبئی کی مقامی عدالت میں اسی کیس کی سماعت ہوئی، جس میں کوئنا مترا بھی پیش ہوئیں، تاہم عدالت نے ان کے دلائل کو تسلیم نہیں کیا اور انہیں سزا سنادی گئی۔

کوئنا مترا نے اپنے خلاف لگے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا—فوٹو: ٹائمز آف انڈیا
کوئنا مترا نے اپنے خلاف لگے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا—فوٹو: ٹائمز آف انڈیا

عدالت نے اپنے فیصلے میں بتایا کہ پونم سیٹھی سے لیے گئے قرض کی واپسی میں کوئنا مترا نے تاخیری حربے استعمال کیے اور ان کی جانب سے چیک باؤنس ہونے کے بھجوائے گئے نوٹس کا جواب بھی نہیں دیا۔

عدالت نے کوئنا مترا کو دھوکا دینے کے الزام میں 6 ماہ جیل اور قرض کے تین لاکھ روپے ادا نہ کرنے کے الزام میں 4 لاکھ 61 ہزار روپے متاثرہ ماڈل پونم سیٹھی کو ادا کرنے کا حکم دیا۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں مزید حکم دیا کہ اگر کوئنا مترا جرمانے کے پیسے 4 لاکھ 61 ہزار روپے ادا کرنے میں ناکام ہوتی ہیں تو انہیں مزید تین ماہ جیل میں رکھا جائے۔

کوئنا مترا کو سب سے زیادہ شہرت ’ساقی ساقی‘ گانے سے ملی—فوٹو: انسٹاگرام
کوئنا مترا کو سب سے زیادہ شہرت ’ساقی ساقی‘ گانے سے ملی—فوٹو: انسٹاگرام

خیال رہے کہ 35 سالہ کوئنا مترا نے خوبصورتی کے مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد ماڈلنگ کا آغاز کیا تھا اور 2002 میں انہوں نے فلم ’روڈ‘ سے کیریئر کا آغاز کیا۔

تاہم انہیں شہرت 2004 میں ریلیز ہونے والی کرائم تھرلر فلم ’مسافر‘ کے گانے ’ساقی ساقی‘ سے ملی، جس میں انہوں نے ڈانس کرکے سب کو دیوانہ کردیا تھا۔

کوئنا مترا نے ’ایک کھلاڑی، ایک حسینہ، اپنا سپنا منی منی، ہے بے بی، انامیکا اور ڈارک رومانس‘ سمیت تیلگو، تامل اور ہندی فلموں میں کام بھی کیا، تاہم انہیں سب سے زیادہ شہرت ’ساقی ساقی‘ گانے سے ملی۔

ان کے اسی گانے کے حال ہی میں ریلیز کیے گئے ریمیکس ورژن میں مراکشی نژاد بولی وڈ ڈانسر نورا فتیحی نے شاندار پرفارمنس کی، تاہم نورا فتیحی کی پرفارمنس کو کوئنا مترا کی پرفارمنس جیسی شہرت نہ مل سکی۔

کوئنا مترا نے بھی نورا فتیحی کی پرفارمنس پر بنائے گئے نئے ’ساقی ساقی‘ گانے پر تنقید کی تھی، تاہم انہوں نے مراکشی نژاد بولی وڈ ڈانسر کے رقص کی تعریف کی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں