گوگل نے اپنا نیا موبائل آپریٹنگ سسٹم اینڈرائیڈ کیو کے نام کا اعلان کردیا ہے اور 10 برس پرانی روایت کو توڑ دیا ہے۔

اینڈرائیڈ کے آغاز سے ہی اس آپریٹنگ سسٹم کے مختلف ورژن کے نام میٹھی اشیا پر رکھے جارہے تھے جیسے اینڈرائیڈ لالی پاپ، اینڈرائیڈ اوریو یا اینڈرائیڈ پائی وغیرہ۔

مگر اب گوگل نے نئے آپریٹنگ سسٹم کو اینڈرائیڈ 10 کا نام دیا ہے۔

گوگل کی جانب سے ایک بلاگ میں اس بات کا اعلان کرتے ہوئے کہا گیا کہ ہمیں برسوں سے یہ فیڈبیک مل رہا تھا کہ آپریٹنگ سسٹم کے نام ہماری عالمی برادری میں ہر ایک کے لیے سمجھنا مشکل ہوتا ہے۔

نئے نام کے ساتھ اینڈرائیڈ کا اپ ڈیٹ لوگو بھی کمپنی کی جانب سے متعارف کرایا گیا ہے جو کہ کمپنی نے زیادہ ماڈرن قرار دیا ہے۔

ویسے بھی کیو سے میٹھی اشیا کے نام آسان نہیں جو بیشتر افراد کے لیے جانی پہچانی بھی ہوں۔

گوگل کے مطابق کیو حرف سے میٹھی اشیا بہت زیادہ عام نہیں بلکہ بیشتر افراد کو تو ہوسکتا ہے کہ ان چیزوں کا علم ہی نہ ہو۔

گوگل کے اینڈرائیڈ کے پراڈکٹ منیجمنٹ کے نائب صدر سمیر سمت کے مطابق پائی ہمیشہ میٹھی نہیں ہوتی، لالی پاپ کا تلفظ کچھ خطوں کے لیے بہت مشکل ہے جبکہ مارش میلو ایسی چیز نہیں جو ہر جگہ مل جائے، کم از کم نمبر یا ہندسے تو دنیا بھر میں جانے پہچانے جاتے ہیں۔

رواں سال مئی میں سالانہ ڈویلپر کانفرنس میں بتایا گیا تھا کہ اینڈرائیڈ کیو میں فولڈ ایبل ڈسپلے والے اسمارٹ فونز کی سپورٹ پر زیادہ توجہ دی جارہی ہے جبکہ فائیو جی سپورٹ فراہم کرنے کے لیے بھی کام کیا جارہا ہے۔

اس نئے آپریٹنگ سسٹم میں ایک اور بہترین فیچر اسمارٹ ریپلائی ہوگا جو کہ اینڈرائیڈ ڈیوائسز میں تمام میسجنگ ایپس میں کام کرے گا، اسمارٹ ریپلائی صرف الفاظ کی پیشگوئی نہیں کرے گا بلکہ جملے یہاں تک کہ مکمل جواب بھی بتاسکے گا اور ہاں اینڈرائیڈ کیو میں ڈارک تھیم سپورٹ بھی دی جارہی ہے۔

یہ آپریٹنگ سسٹم رواں سال کی چوتھی سہ ماہی میں اسمارٹ فونز میں صارفین کو دستیاب ہونا شروع ہوگا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں