’پاکستان مسئلہ کشمیر پر بھارت سے سفارتی جنگ جیت گیا‘

اپ ڈیٹ 25 اگست 2019
فواد چوہدری نے کہا کہ اقوام کو اپنی جنگیں خود لڑنی پڑتی ہیں—فوٹو: ڈان نیوز
فواد چوہدری نے کہا کہ اقوام کو اپنی جنگیں خود لڑنی پڑتی ہیں—فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ کشمیر کی حالیہ صورت حال کے تناظر میں پاکستان بھارت سے سفارتی جنگ جیت چکا ہے کیونکہ سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر پر بات چیت ہونا اس کا ثبوت ہے اور اسے دوطرفہ مسئلہ کہنے کا بھارتی موقف بھی مسترد ہوچکا ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی ایک لکیر کھینچ کر کشمیر کو تقسیم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے اپنی جانیں دے کر قربانیوں کی طویل داستان رقم کی ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ آپ یہ نہ دیکھیں عرب ریاستیں کیا کریں گی، یورپی ریاستیں کیا کریں گی یا امریکا کیا کرے گا۔

مزید پڑھیں: فواد چوہدری کو دوسری وزارتوں میں منہ مارنے کی عادت ہے، شیخ رشید

انہوں نے کہا ہمیں اس نکتہ نظر سے باہر آنا چاہیے کیونکہ اقوام کو اپنی جنگیں خود لڑنا پڑتی ہیں۔

وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے خبردار کیا کہ اگر بھارت انگلی دکھائے گا تو پاکستان ہاتھ توڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے، مکا دکھانے پر بھارت کا جبڑا توڑ دیں گے۔

فواد چوہدری نے عالمی برادری کو خبردار کیا کہ اگر عالمی برادری پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کو کم کرنے میں کامیاب نہیں ہوئی تو وہ نتائج بھگتنے کے لیے تیار رہے، ہم بھی تیار ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اس وقت دو ایٹمی طاقتیں آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کھڑی ہیں، ہم تین جنگیں لڑ چکے ہیں تاہم چوتھی کے لیے بھی تیار ہیں، قوم کا بچہ بچہ جنگ کے لیے تیار ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا مقبوضہ کشمیر کا معاملہ عالمی عدالت انصاف لے جانے کا فیصلہ

ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی انتظامیہ نے بلاتعطل کرفیو نافذ کیا ہوا ہے جس کی وجہ سے نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو بنیادی انسانی حقوق دیے جائیں، کشمیر پاکستان نہیں بلکہ عالمی حقوق کا مسئلہ ہے۔

فواد چوہدری نے ایک مرتبہ پھر اپنے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ بھارت اگر امن چاہتا ہے تو امن کے لیے اور اگر جنگ چاہتا ہے تو جنگ کے لیے کھڑے ہیں۔

مقبوضہ کشمیر کی خصوصیت ختم کرنے کے غیر آئینی اقدام کے بعد سفارتی محاذ پر پاکستانی کوششوں سے متعلق فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر پر سفارتی محاذ پر بھارت سے جنگ جیت چکا ہے۔

مزید پڑھیں: عدنان سمیع خان نے کشمیر کو بھارت کا اٹوٹ انگ قرار دے دیا

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر پر بات چیت ہونا ہی پاکستان کی سفارتی سطح پر کامیابی کا ثبوت ہے اور اسے دوطرفہ مسئلہ کہنے کا بھارتی موقف بھی مسترد ہوچکا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارت سے ہمیشہ کہا ہے کہ ماضی میں نہ رہیں بلکہ اسے سے سبق سیکھ کر آگے بڑھنے کی کوشش کریں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وزیراعظم عمران خان 27 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔

اس کے ساتھ ساتھ وفاقی وزیر نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) حکومت کی جانب سے اعلیٰ حکومتی اعزاز دینے پر مایوسی کا اظہار کیا۔

تبصرے (1) بند ہیں

Rizwan Aug 25, 2019 05:06pm
کون سی سفارتی جنگ جیتی ہے جناب UAE کی مودی نوازی آپ کو شاید نظر نئیں آئی