اسٹوکس کی ایشز میں شاندار کارکردگی، آسٹریلیا کو تیسرے ٹیسٹ میں شکست

اپ ڈیٹ 26 اگست 2019
اسٹوکس نے ناقابل شکست 135 رنز بنائے—فوٹو:اے ایف پی
اسٹوکس نے ناقابل شکست 135 رنز بنائے—فوٹو:اے ایف پی

انگلینڈ نے بین اسٹوکس کی شان دار کارکردگی کے باعث ایشز کے تیسرے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے کامیابی حاصل کرکے سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

لیڈز میں کھیلے گئے تیسرے ایشز ٹیسٹ میں پہلی اننگز میں میزبان انگلینڈ اور آسٹریلیا دونوں ٹیموں مختصر اسکور پر آوٹ ہوئی تاہم دوسری اننگز میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

پہلی اننگز میں آسٹریلیا نے آرچر کی بہترین باؤلنگ کے سامنے 179 رنز بنائے تھے جبکہ آسٹریلیا کے ہیزل ووڈ نے تباہ کن باؤلنگ کی تھی جس کے نتیجے میں انگلینڈ کی پوری ٹیم صرف 67 رنز پر ڈھیر ہوئی تھی۔

آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 67 رنز پر آوٹ کرنے کے بعد اپنی دوسری اننگز میں 246 رنز بنا کر انگلینڈ کو میچ میں کامیابی کے لیے 359 رنز کا ایک مشکل ہدف ضرور دیا تھا لیکن بین اسٹوکس نے مرد بحران کا کردار نبھاتے ہوئے ٹیم کو شکست سے نکال کر سیریز بھی برابر کردی۔

لیڈز میں چوتھے روز کا کھیل شروع ہوا تو انگلینڈ نے 3 وکٹوں پر 156 رنز بنائے تھے جہاں کپتان جو روٹ 75 اور اسٹوکس 2 رنز بنا کر وکٹ پر موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں:آسٹریلیا کی تباہ کن باؤلنگ، انگلینڈ 67رنز پر ڈھیر

جوروٹ اپنے گزشتہ اسکور میں صرف 2 رنز کا اضافہ کرکے پویلین لوٹ گئے تاہم جونی بیئراسٹو نے 36 رنز بنا کر انگلینڈ کو 200 کا مجموعہ عبور کرنے میں اسٹوکس کا ساتھ دیا لیکن دیگر بلے باز یکے بعد دیگرے آوٹ ہوتے رہے۔

آرچر نے مشکل وقت میں 33 گیندوں کا سامنا کرکے 15 رنز بنائے جبکہ جوز بٹلر، کرس ووکس ایک،ایک اور اسٹورٹ براڈ 286 کے مجموعی اسکور پر صفر پر آوٹ ہوگئے تھے۔

جب انگلینڈ کی 9ویں وکٹ گری تو انہیں جیت کے لیے مزید 73 رنز درکار تھے جو اس وقت مشکل دکھائی دے رہا تھا تاہم اسٹوکس نے آسٹریلیا کے باؤلرز کا سامنا کیا اور لیچ کو صرف 17 گیندیں کھیلنے کا موقع دیا۔

اسٹوکس اور لیچ کے درمیان آخری وکٹ میں ناقابل شکست 76 رنز کی شراکت ہوئی جس میں لیچ کا حصہ صرف ایک رن کا تھا جبکہ اسٹوکس نے انتہائی ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو ناقابل یقین فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

انگلینڈ نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 362 رنز بنا کر ایشز کے دوسرے ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو ایک وکٹ سے شکست دے کر اہم کامیابی حاصل کی۔

بین اسٹوکس 135 رنز اور لیچ صرف ایک رن بنا کر ناقابل شکست رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کیں، ناتھن لائن نے 2، کمنز اور پٹیسن نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

بین اسٹوکس کو شان دار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

خیال رہے کہ آسٹریلیا نے پہلے ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کرکے سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کی تھی۔

تبصرے (1) بند ہیں

Shabir Aug 26, 2019 02:12am
یے ایشز کا تیسرا ٹیسٹ میچ تھا