تھائی لینڈ کے بادشاہ نے خوبرو خاتون محافظ کو اعلیٰ شاہی عہدہ دیدیا

27 اگست 2019
سنینات ونگوجری پکدے نے جنگی پائلٹ کی تربیت بھی لے رکھی ہے—فوٹو: رائٹرز/ ای ایف پی
سنینات ونگوجری پکدے نے جنگی پائلٹ کی تربیت بھی لے رکھی ہے—فوٹو: رائٹرز/ ای ایف پی

سیاحت کے لیے دنیا بھر میں معروف مختلف جزائر پر مبنی ملک تھائی لینڈ کے 67 سالہ بادشاہ نے اپنی خوبرو خاتون محافظ ملازمہ کو اعلیٰ ترین شاہی عہدہ دے کر ایک نئی تاریخ رقم کردی۔

بادشاہ ماہا وجیرالونگ کورن نے اپنی باڈی گارڈ رہنے والی 34 سالہ سنینات ونگوجری پکدے کو ابتدائی طور پر رواں برس جولائی کے آغاز میں اعلیٰ شاہی عہدے پر فائز کرنے کا اعلان کیا تھا۔

تاہم شاہی محل کی جانب سے اب سنینات ونگوجری پکدے کے عہدے پر براجمان ہونے اور ان کی سوانح عمری سے متعلق میگزین شائع کردیا۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق شاہی محل کی جانب سے سنینات ونگوجری پکدے کی سوانح عمری اور ان کی نایاب تصاویر پر مشتمل میگزین کو پہلے ہی جاری کیا تھا، تاہم اس میگزین کو 26 اگست کو آن لائن کردیا گیا۔

سنینات ونگوجری پکدے میجر جنرل عہدے پر خدمات سر انجام دیتی رہی ہیں—فوٹو: رائٹرز
سنینات ونگوجری پکدے میجر جنرل عہدے پر خدمات سر انجام دیتی رہی ہیں—فوٹو: رائٹرز

رپورٹ کے مطابق میگزین کے آن لائن کیے جانے کے کچھ وقت بعد ہی شاہی محل کی ویب سائٹ بند ہوگئی۔

ویب سائٹ بند ہونے پر شاہی محل کا کہنا تھا کہ سنینات ونگوجری پکدے کی سوانح عمری کو آن لائن کیے جانے پر ایک دم ویب سائٹ پر توقع سے زیادہ ٹریفک آیا، جس وجہ سے سرورز نے کام کرنا چھوڑ دیا، تاہم جلد ہی ویب سائٹ کو آن لائن کردیا جائے گا۔

شاہی محل نے بادشاہ کی جانب سے اعلیٰ شاہی اعزاز پر تعینات کی جانے والی سنینات ونگوجری پکدے کی 46 صفحات اور 60 نایاب تصویروں پر مشتمل میگزین کو گزشتہ ہفتے جاری کیا گیا تھا۔

شاہی عہدے پر تعینات ہونے والی سنینات ونگوجری جنگی پائلٹ بھی ہیں—فوٹو: ای پی اے
شاہی عہدے پر تعینات ہونے والی سنینات ونگوجری جنگی پائلٹ بھی ہیں—فوٹو: ای پی اے

میگزین کے سرورق پر گزشتہ ہفتے کی تاریخ درج تھی، تاہم میگزین کے اندر دی جانے والی تصاویر اور مواد پر کسی طرح کی کوئی تاریخ درج نہیں، جس سے یہ اندازا لگانا مشکل ہو رہا ہے کہ سنینات ونگوجری پکدے کب سے بادشاہ کے قریب تھیں۔

خبر رساں اداروں کے مطابق میگزین میں دی جانے والی معلومات کے مطابق سنینات ونگوجری پکدے 1985 میں تھائی لینڈ میں پیدا ہوئیں اور انہوں نے2008 میں نرسنگ میں گریجوئیشن کیا۔

بادشاہ اور سنینات ونگوجری ماضی میں شاہی کتے کے ساتھ خوشگوار موڈ میں—فوٹو: ای پی اے
بادشاہ اور سنینات ونگوجری ماضی میں شاہی کتے کے ساتھ خوشگوار موڈ میں—فوٹو: ای پی اے

اعلیٰ شاہی عہدے پر فائز ہونے والی سنینات ونگوجری پکدے نے آرمی کالج سے نرسنگ کرنے کے بعد مختلف کورسز کرنے اور جنگی پائلٹ کی تعلیم بھی حاصل کی اور بعد ازاں شاہی فوج میں بطور پائلٹ شمولیت اختیار کی۔

سنینات ونگوجری پکدے کو پیشہ ورانہ خدمات کے عوض توجہ حاصل رہی اور وہ بادشاہ کی قابل بھروسہ اور قریبی محافظ خواتین میں سے ایک تھیں۔

جاری کی گئی تصاویر سے اندازا ہوتا ہے کہ خاتون بادشاہ کے انتہائی قریب تھیں—فوٹو: پی بی ایس تھائی لینڈ
جاری کی گئی تصاویر سے اندازا ہوتا ہے کہ خاتون بادشاہ کے انتہائی قریب تھیں—فوٹو: پی بی ایس تھائی لینڈ

شاہی محل کی جانب سے جاری کی جانے والی تصاویر میں سنینات ونگوجری پکدے کو متعدد مواقع پر بادشاہ کے انتہائی قریب دیکھا جا سکتا ہے۔

جاری کی گئی تصاویر میں سنینات ونگوجری پکدے کو فوجی ڈریس سمیت پائلٹ اور روایتی تھائی لباس میں دیکھا جا سکتا ہے۔

سنینات ونگوجری پکدے فوج میں جنرل کے عہدے پر خدمات سر انجام دے رہی تھیں، تاہم انہیں بادشاہ نے اچھی خدمات کے عوض رواں برس 26 جولائی کو اپنی 67 ویں سالگرہ پر اعلیٰ شاہی عہدے پر فائز کردیا تھا۔

سنینات ونگوجری پکدے اور بادشاہ روایتی شاہی انداز میں—فوٹو: پی بی ایس تھائی لینڈ
سنینات ونگوجری پکدے اور بادشاہ روایتی شاہی انداز میں—فوٹو: پی بی ایس تھائی لینڈ

جنرل سنینات ونگوجری پکدے کو بادشاہ نے ولی عہد جیسا رتبہ رکھنے والے عہدے پر فائز کیا ہے اور یہ عہدہ تھائی لینڈ میں 100 سال بعد کسی خاتون کے پاس آیا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ جہاں بادشاہ نے اپنی خوبرو خاتون محافظ 34 سالہ سنینات ونگوجری پکدے کو اعلیٰ شاہی عہدے پر فائز کیا ہے، وہیں انہوں نے رواں برس مئی میں ایک اور خاتون محافظ سے شادی کرلی تھی۔

سنینات ونگوجری پکدے بادشاہ کے محافظی دستے میں شامل رہی ہیں—فوٹو:پی بی ایس تھائی لینڈ
سنینات ونگوجری پکدے بادشاہ کے محافظی دستے میں شامل رہی ہیں—فوٹو:پی بی ایس تھائی لینڈ

بادشاہ ماہا وجیرالونگ کورن نے رواں برس مئی میں اپنی باڈی گارڈ خاتون 41 سالہ سوتھدا ایودھیا سے شادی کی تھی اور شادی کے محض 2 دن بعد ہی انہوں نے اسے ملکہ کا درجہ دے دیا تھا۔

بادشاہ نے شادی کیے جانے کے بعد ہی تخت سنبھالا تھا، کیوں کہ 2016 میں وہ والد کی وفات کے بعد بادشاہ مقرر ہوئے تھے اور انہوں نے والد کے سوگ میں 2 سال تک تخت پر نہ بیٹھنے کا اعلان کیا تھا۔

تھائی لینڈ کے بادشاہ کی یہ چوتھی شادی تھی، اس سے قبل وہ تین شادیاں کر چکے ہیں اور ان کے 7 بچے بھی ہیں۔

سنینات ونگوجری پکدے کو ولی عہد کے برابر عہدہ دیا گیا ہے—فوٹو: اے ایف پی
سنینات ونگوجری پکدے کو ولی عہد کے برابر عہدہ دیا گیا ہے—فوٹو: اے ایف پی

تھائی لینڈ کے بادشاہ نے پہلی شادی اپنے خاندان کی خاتون سے 1977 میں کی جو کئی سال تک جاری رہی اور جوڑے کے ہاں 1978 میں پہلی بچی کی پیدائش بھی ہوئی۔

بادشاہ کی پہلی شادی 2 دہائیوں بعد 1999 میں طلاق پر ختم ہوئی، جس کے بعد بادشاہ نے ایک اداکارہ سے شادی کی۔

ماہا وجیرالونگ کورن نے دوسری شادی پہلی شادی ختم ہونے سے قبل ہی 1995 میں کرلی تھی اور انہیں دوسری اہلیہ سے 5 بچے ہیں اور ان کی شادی محض 2 سال تک ہی چل سکی۔

بادشاہ نے رواں برس مئی میں اپنی ایک اور باڈی گارڈ خاتون سے شادی کرلی تھی—فوٹو: رائٹرز
بادشاہ نے رواں برس مئی میں اپنی ایک اور باڈی گارڈ خاتون سے شادی کرلی تھی—فوٹو: رائٹرز

تھائی لینڈ کے بادشاہ نے تیسری شادی 2010 میں کی اور انہیں تیسری اہلیہ سے بھی ایک بچہ ہے، تاہم ان کی تیسری شادی بھی 2014 میں طلاق پر ختم ہوئی۔

ماہا وجیرالونگ کورن کی تینوں شادیاں بادشاہ بننے سے قبل ہوئی تھیں، جب کہ انہوں نے چوتھی شادی بادشاہ بننے کے بعد اور تخت پر بیٹھنے سے کچھ دن قبل ہی کی۔

ماہا وجیرالونگ کورن کی بطور ولی عہد نہ صرف شادیاں ناکام رہیں بلکہ ان کے دیگر خواتین کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے بھی اطلاعات سامنے آتی رہیں۔

شادی کے 2 دن بعد ہی بادشاہ نے اہلیہ کو ملکہ کا درجہ دیا تھا—فوٹو: اے پی
شادی کے 2 دن بعد ہی بادشاہ نے اہلیہ کو ملکہ کا درجہ دیا تھا—فوٹو: اے پی

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں