بیلجیئم کا ایف-16 طیارہ فرانس میں گر کر تباہ

اپ ڈیٹ 21 ستمبر 2019
انجن میں فنی خرابی کے سبب طیارہ مغربی فرانس میں گر کر تباہ ہو گیا— فائل فوٹو: اے ایف پی
انجن میں فنی خرابی کے سبب طیارہ مغربی فرانس میں گر کر تباہ ہو گیا— فائل فوٹو: اے ایف پی

بیلجیئم کا ایف 16 طیارہ انجن میں فنی خرابی کے سبب مغربی فرانس میں گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں ایک گھر تباہ ہو گیا تاہم پائلٹ اپنی جان بچانے میں کامیاب رہے۔

بیلجیئم کی وزارت دفاع کے مطابق طیارے کے انجن میں کوئی فنی خرابی ہو گئی تھی جس کے سبب حادثہ پیش آیا۔

مزید پڑھیں: بھارتی فضائیہ کا جنگی طیارہ گر کر تباہ

فرانس کی مقامی انتظامیہ کے ترجمان نے بتایا کہ پائلٹ طیارے سے بروقت نکلنے میں کامیاب ہو گئے لیکن ان میں سے ایک کا پیراشوٹ ایک بجلی کے تیز وولٹیج کی حامل لائن میں پھنس گیا تاہم خوش قسمتی سے ریسکیو ورکرز نے 2 گھنٹے کی محنت کے بعد انہیں زندہ بچا لیا۔

امریکی خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق حادثے کے نتیجے میں کسی بھی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا البتہ تباہ شدہ طیارے کے ملبے سے ایک گھر تقریباً تباہ ہو گیا۔

بیلجیئم کی وزارت دفاع کی جان بسے جاری بیان کے مطابق یہ ایف 16 طیارہ بیلجیئم کی فلورینس ایئر بیس سے فرانسیسی شہر لوریئنٹ کے فوجی اڈے کی طرف اڑان بھر رہا تھا۔

طیارہ حادثے سے تباہ ہونے والے مکان کے رہائشی لودووک کوفر نے بتایا کہ ایف 16 کے ایک پر سے گھر کی چھت تباہ ہو گئی جبکہ طیارے کا ملبہ قریب ہی واقع کھیت میں جا گرا۔

یہ بھی پڑھیں: ہندوستان: 5 سال میں 20 جنگی طیارے تباہ

انہوں نے بتایا کہ واقعے کے بعد سے میری والدہ اور والدہ شدید خوف کا شکار ہیں لیکن اچھی چیز یہ ہے کہ سب خیریت سے ہیں۔

مقامی انتظامیہ کے مطابق یہ مذکورہ طیارہ بیلجیئم سے فرانس کی نیول ایئربیس کی جانب گامزن تھا کہ اس دوران انجن میں خرابی کے سبب پلووگنر اور لینڈال کے درمیان گر کر تباہ ہو گیا۔

طیارے میں موجود دونوں پائلٹ باحفاظت نکلنے میں کامیاب ہو گئے جن میں سے ایک بالکل محفوظ رہا جبکہ دوسرے کا پیرا شوٹ بجلی کی لائنوں میں پھنس گیا تھا جسے بعدازاں زندہ بچا لیا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں