بے نامی مقدمات کی سماعت کیلئے ایف بی آر کے تین بینچ تشکیل

اپ ڈیٹ 21 ستمبر 2019
ایف بی آر کے مطابق اسلام آباد، لاہور اور کراچی میں تین بینچ قائم کردیے گئے ہیں—فائل/فوٹو:اے ایف پی
ایف بی آر کے مطابق اسلام آباد، لاہور اور کراچی میں تین بینچ قائم کردیے گئے ہیں—فائل/فوٹو:اے ایف پی

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے بے نامی مقدمات کی سماعت کے لیے وفاقی حکومت کی باقاعدہ منظوری سے چاروں صوبوں کے لیے تین بینچ تشکیل دینے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

ایف بی آر کے نوٹی فکیشن کے مطابق بے نامی کیسوں کی سماعت کے لیے 'ایڈجوکیٹنگ اتھارٹی کے بینچ بے نامی ایکٹ 2017' کے تحت تشکیل دیے گئے ہیں۔

بے نامی مقدمات کی سماعت کے لیے اسلام آباد، لاہور اور کراچی میں بینچ تشکیل دیے گئے ہیں۔

ایف بی آر کے نوٹی فکیشن کے مطابق 'بینچ ون اسلام آباد، راولپنڈی اور خیبر پختونخوا (کے پی) کے مقدمات سنے گا'۔

بے نامی مقدمات کی سماعت کے لیے تشکیل دیا گیا 'دوسرا بینچ راولپنڈی کے علاوہ پنجاب بھر کے مقدمات کی کارروائی کرے گا، تیسرا بینچ سندھ اور بلوچستان بھر کے بے نامی مقدمات سنے گا'۔

یہ بھی پڑھیں:وفاقی کابینہ کا اجلاس، بے نامی ایکٹ کے تحت خصوصی بینچ بنانے کی منظوری

ایف بی آر کا کہنا ہے کہ 'تینوں بینچ انسدا بے نامی ٹرانزیکشنز ایکٹ 2017 کے سیکشن 7 ون سی اور ڈی کے تحت قائم کیے گئے ہیں جس کی منظوری وفاقی حکومت نے 17 ستمبر کو دے دی تھی'۔

نوٹی فیکیشن میں کہا گیا ہے کہ بینچوں کے قیام کا اطلاق فوری طور پر ہو گا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے 18 ستمبر کو اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس بریفنگ میں کہا تھا کہ کابینہ نے بے نامی ایکٹ کے تحت مقدمات کو خصوصی بینچوں کو بھیجنے کی منظوری دی ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے نہ صرف بے نامی مقدمات کی سماعت کے لیے بنیچ بنانے کی اعلان کیا تھا کہ بلکہ خصوصی میڈیا کورٹس بنانے کا بھی اعلان کیا تھا جس کو صحافیوں اور صحافتی تنظیموں کے علاوہ سیاسی جماعتوں کی جانب سے مسترد کردیا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں