ناتجربہ کار سری لنکن ٹیم کو آسان تصور نہیں کر سکتے، سرفراز

اپ ڈیٹ 04 اکتوبر 2019
سری لنکا کے ٹی20 کپتان داسن شناکا اور پاکستانی قائد سرفراز احمد کا سیریز کی ٹرافی کے ہمراہ گروپ فوٹو— فوٹو: اے ایف پی
سری لنکا کے ٹی20 کپتان داسن شناکا اور پاکستانی قائد سرفراز احمد کا سیریز کی ٹرافی کے ہمراہ گروپ فوٹو— فوٹو: اے ایف پی

قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹی 20 فارمیٹ میں سری لنکن ٹیم کو خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ناتجربہ کار سری لنکن ٹیم کو ہرگز آسان تصور نہیں کریں گے۔

10 اہم کھلاڑیوں کے بغیر پاکستان کا دورہ کرنے والی سری لنکن ٹیم اور پاکستان کے درمیان پہلا ون ڈے میچ بارش کی نذر ہونے کے بعد میزبان ٹیم نے بقیہ دو میچوں میں کامیابی حاصل کر کے سیریز 0-2 سے اپنے نام کی۔

مزید پڑھیں: احمد شہزاد اور عمر اکمل قومی ٹیم میں مستقل جگہ بنانے کیلئے پرعزم

دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی20 میچوں کی سیریز کا پہلا میچ کل لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جس کے لیے دونوں ٹیموں نے آج بھرپور پریکٹس کی۔

جمعے کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ٹی20 ایک ایسا فارمیٹ ہے جس میں آپ کسی بھی ٹیم کو آسان تصور نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح سے سری لنکا نے آخری ون ڈے میچ میں واپسی کی اور بہترین فائٹ کی، اس کے بعد ہم انہیں آسان نہیں لے سکتے۔

یہ بھی پڑھیں: 'کیک کھانے والے کھلاڑیوں کو چار، چار چکر لگواؤں گا'

واضح رہے کہ ٹی20 میں پاکستان عالمی نمبر ایک ٹیم ہے جبکہ سری لنکا کی ٹیم آٹھویں نمبر پر موجود ہے تاہم سرفراز احمد کا ماننا ہے کہ ٹی20 میں رینکنگ زیادہ معنی نہیں رکھتی، ہم کسی بھی ٹیم کو آسان تصور نہیں کر سکتے چاہے وہ عالمی نمبر ایک ہو یا آٹھویں نمبر کی ٹیم۔

انہوں نے کہا کہ سری لنکن ٹیم نے دونوں ون ڈے میچوں میں 230 سے زائد رنز اسکور کیے اور میرے خیال میں ہمیں ٹی20 سیریز میں بھی اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔

قومی ٹیم کے کپتان نے اسکواڈ میں تجربہ کار عمر اکمل اور احمد شہزاد کے ساتھ ساتھ آل راؤنڈر فہیم اشرف کی آمد پر انہیں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ عمر اکمل اور احمد شہزاد نے ماضی میں اچھی کارکردگی دکھائی اور ٹیم مینجمنٹ کی حیثیت سے انہیں مکمل موقع دینا ہمارا کام ہے۔

مزید پڑھیں: پہلا ٹیسٹ: ایلگر اور ڈی کوک نے جنوبی افریقہ کو فالو آن سے بچا لیا

سری لنکا کے ٹی20 فارمیٹ کے کپتان داسن شناکا نے ٹی20 فارمیٹ میں بہتر کارکردگی کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ہرانے کے لیے ہمیں بہتر کھیل پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ہر شعبے میں بہترین کارکردگی دکھانا ہو گی۔

انہوں نے اپنی ٹیم سے بہتر کارکردگی کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ پاکستان عالمی نمبر ایک ہے، وہ اس وقت اچھی کرکٹ کھیل رہے ہیں اور ہماری اور ان کی ٹیم کے درمیان کافی بڑا فرق ہے۔

پہلے ون ڈے میں نصف سنچری اور دوسرے میں 43 رنز بنانے والے شناکا نے کہا کہ لوگ سمجھتے تھے کہ پاکستان ہمیں ون ڈے میچوں میں آرام سے شکست دینے میں کامیاب رہے گا لیکن سب نے دیکھا کہ ہم نے معیاری کھیل پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری ٹی20 ٹیم اچھے نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور مجھے یقین ہے کہ پاکستان کے خلاف اچھا کھیل پیش کر کے اپنی رینکنگ بہتر کرنے میں کامیاب رہیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں