• KHI: Asr 4:30pm Maghrib 6:08pm
  • LHR: Asr 3:55pm Maghrib 5:34pm
  • ISB: Asr 3:58pm Maghrib 5:38pm
  • KHI: Asr 4:30pm Maghrib 6:08pm
  • LHR: Asr 3:55pm Maghrib 5:34pm
  • ISB: Asr 3:58pm Maghrib 5:38pm

کوہلی کی ڈبل سنچری کے بعد جنوبی افریقہ مشکل میں

شائع October 11, 2019
ویرات کوہلی کی ناقابل شکست 254 رنز کی اننگز میں 33 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے— فوٹو: اے ایف پی
ویرات کوہلی کی ناقابل شکست 254 رنز کی اننگز میں 33 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے— فوٹو: اے ایف پی

بھارت نے ویرات کوہلی کی ناقابل شکست ڈبل سنچری اور ماینک اگروال کی سنچری کی بدولت جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں 601 رنز پر اپنی پہلی اننگز ڈکلیئر کردی۔

پونے میں کھیلے جا رہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز بھارت نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 273 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ شروع کی تو ویرات کوہلی 63 اور اجنکیا راہانے 18 رنز پر کھیل رہے تھے۔

دونوں کھلاڑیوں نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا اور پہلے سیشن میں 83 رنز جوڑتے ہوئے کوئی وکٹ نہ گرنے دی جبکہ اس دوران کوہلی نے اپنی سنچری اور راہانے نے نصف سنچری اسکور کر لی۔

کھانے کے وقفے کے بعد راہانے 59 رنز بنانے کے بعد کیشپ مہاراج کو وکٹ دے بیٹھے۔

اس کے بعد کپتان کوہلی کا ساتھ دینے رویندرا جدیجا آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے مہمان جنوبی افریقی باؤلرز کی خوب درگت بناتے ہوئے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔

دونوں کھلاڑیوں خصوصاً کوہلی کی جارحانہ بیٹنگ کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ انہوں نے صرف 39.1 اوورز میں تقریباً 6 رنز فی اوور کی اوسط سے 225 رنز کی شراکت قائم کی۔

ویرات کوہلی نے کیریئر کی 7ویں ڈبل سنچری کے ساتھ ساتھ کیریئر کی سب سے بڑی اننگز کھیلی اور 336 گیندوں پر 33 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 254 رنز کی اننگز کھیلی۔

اس اننگز کے دوران بھارتی ٹیم کے کپتان نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کے 7 ہزار رنز بھی مکمل کر لیے۔

اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب جدیجا 8 چوکوں اور دو چھکوں سے مزین 91 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

جدیجا کے آؤٹ ہوتے ہی کوہلی نے 601 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈکلیئر کرنے کا اعلان کردیا۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے کگیسو ربادا 3 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ مہاراج اور متھو سوامی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

جنوبی افریقہ کی اننگز کا آغاز ایک مرتبہ پھر تباہ کن رہا اور امیش یادو نے ایڈن مرکرم کو کھاتا کھولنے کا بھی موقع نہ دیتے ہوئے چلتا کردیا، جبکہ 13 کے مجموعی اسکور پر ان کے اوپننگ پارٹنر ڈین ایلگر بھی پویلین لوٹ گئے۔

ٹیمبا باووما اور تھیونس ڈی برون نے اسکور کو 33 تک ہی پہنچایا تھا کہ محمد شامی نے باووما کی 8 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

جب میچ کے دوسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو جنوبی افریقہ نے تین وکٹوں کے نقصان پر 36 رنز بنائے تھے۔

یاد رہے کہ تین ٹیسٹ میچوں کی یہ سیریز ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا حصہ ہے جس میں بھارت کو 0-1 کی برتری حاصل ہے۔

کارٹون

کارٹون : 12 اکتوبر 2024
کارٹون : 11 اکتوبر 2024