آصف کی جارحانہ اننگز رائیگاں، احمد شہزاد نے تن تنہا سینٹرل پنجاب کو فتح دلا دی

اپ ڈیٹ 16 اکتوبر 2019
احمد شہزاد نے 16 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 111 رنز کی اننگز کھیلی— فوٹو بشکریہ پی سی بی
احمد شہزاد نے 16 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 111 رنز کی اننگز کھیلی— فوٹو بشکریہ پی سی بی

نیشنل ٹی20 کپ میں آصف علی کی جارحانہ اننگز رائیگاں گئی اور احمد شہزاد کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت سینٹرل پنجاب نے ناردرن پنجاب کو شکست دے دی۔

فیصل آباد میں کھیلے گئے ہائی اسکورنگ میچ میں نادرن پنجاب نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 222 رنز کا پہاڑ جیسا مجموعہ اسکور بورڈ کی زینت بنایا۔

ناردرن پنجاب کی ٹیم 23 رنز پر روحیل نذیر اور نوید ملک کی وکٹیں گنوا چکی تھی جبکہ 59 کے مجموعے پر کپتان عمر امین بھی 38رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اس مرحلے پر محمد نواز کا ساتھ دینے آصف علی آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کر کے میچ کا نقشہ بدل دیا۔

دونوں نے 9 اوورز میں 107 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کے بڑے اسکور کی راہ ہموار کی۔

نواز نے 35 گیندوں پر 4 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 50 رنز کی اننگز کھیلی لیکن یہ آصف علی کی اننگز تھی جس نے سینٹرل پنجاب کے باؤلرز کے ہاتھ پاؤں پھلا دیے۔

آصف نے صرف 35 گیندوں پر 10 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 93رنز کی اننگز کھیلی البتہ وہ چند رنز کی کمی سے اپنی سنچری مکمل نہ کر سکے۔

آخری اوور میں عماد وسیم نے دو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے پانچ گیندوں پر 22 رنز بنائے جس کی بدولت ناردرن پنجاب کی ٹیم مقررہ اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 222 رنز بنانے کامیاب رہی۔

سینٹرل پنجاب کی جانب سے فہیم اشرف 3وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے۔

ہدف کے تعاقب میں سینٹرل پنجاب کی اننگز کا آغاز انتہائی خراب رہا اور 17 رنز پر بابر اعظم اور کامران اکمل پویلین لوٹ گئے۔

سینٹرل پنجاب کی ٹیم وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتی رہی لیکن دوسرے اینڈ پر احمد شہزاد سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح ڈٹے رہے اور اپنی ٹیم کو تن تنہا فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

رضوان حسین 20، سعد نسیم 29 اور فہیم اشرف 28 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے لیکن احمد شہزاد نے 63 گیندوں پر 3 چھکوں اور 16چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 111 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو ایک گیند قبل فتح دلا دی۔

ناردرن پنجاب کی جانب سے عماد وسیم نے تین اور سہیل تنویر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

احمد شہزاد کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

دن کے دوسرے میچ میں سدرن پنجاب نے خیبرپختونخوا کو دلچسپ مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے ہرادیا۔

اقبال اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں خیبرپختونخوا نے پہلے بیٹنگ کرتےہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پر 154 رنزبنائے۔

وہاب ریاض کی عمدہ باؤلنگ اور تین وکٹوں کے سبب ایک موقع پر خیبر پختونخوا کی ٹیم 8.5اوورز میں 51 رنز پر 4 وکٹیں گنوا چکی تھی لیکن اس مرحلے پر کپتان محمد رضوان اور خوشدل شاہ ڈٹ گئے۔

دونوں کھلاڑیوں نے ناقابل شکست 83 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کی معقول مجموعے تک رسائی یقینی بنائی۔

خوش دل شاہ نے ناقابل شکست 56 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ رضوان نے 45 رنز بنائے۔

ہدف کے تعاقب میں سدرن پنجاب کی ٹیم بھی 51 رنز پر آدھی ٹیم سے محروم ہو چکی تھی لیکن 35 گیندوں پر 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 49رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے سیف بدر 15 رنز بنانے والے محمد عامر کے ساتھ 55 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کو میچ میں واپس لے آئے۔

عامر کے آؤٹ ہونے کے بعد وہاب نے 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 42 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو ایک اوور قبل ہی فتح دے ہمکنار کرا دیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

تبصرے (0) بند ہیں