آسٹریلین وزیر اعظم میچ کے دوران 'واٹر بوائے' بن گئے

اپ ڈیٹ 29 اکتوبر 2019
آسٹریلین وزیر اعظم نے گراؤنڈ میں آ کر کھلاڑیوں پانی پلایا— فوٹو بشکریہ ٹوئٹر
آسٹریلین وزیر اعظم نے گراؤنڈ میں آ کر کھلاڑیوں پانی پلایا— فوٹو بشکریہ ٹوئٹر

دنیائے کرکٹ میں ہمیں گزرے سالوں کے دوران کئی حیران کن اور مضحکہ خیز واقعات دیکھنے کا موقع ملا جنہوں نے شائقین کرکٹ کو خوب محظوظ کیا۔

اسی طرح جمعرات کو آسٹریلین دارالحکومت کینبرا میں آسٹریلین پرائم منسٹر الیون اور سری لنکا کے درمیان میچ میں ایک ایسا واقعہ پیش آیا جس نے شائقین کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کردیا۔

سری لنکا کی ٹیم تین ٹی20 میچوں کی سیریز کھیلنے کے لیے آسٹریلیا کے دورے پر پہنچی ہے اور سیریز کی تیاریوں کے سلسلے میں آسٹریلین پریم منسٹر الیون اور مہمان ٹیم کے درمیان وارم اپ میچ کھیلا گیا۔

میچ کے دوران شائقین اس وقت دنگ رہ گئے جب آسٹریلین وزیر اعظم اسکاٹ موریسن واٹر بوائے بن گئے اور میچ میں آسٹریلین کھلاڑیوں کو پانی پلایا۔

کینبرا میں کھیلے گئے میچ کو دیکھنے کے لیے آسٹریلیا کے وزیر اعظم اسکاٹ مورسن بھی منوکا اوول کے اسٹیڈیم پہنچے اور کھلاڑیوں میں گھل مل گئے۔

میچ میں سری لنکن اننگز کے 16ویں اوور کے اختتام پر پانی کے وقفے میں آسٹریلین وزیر اعظم واٹر بوائے بن کر اسٹیڈیم میں آئے اور تمام کھلاڑیوں کو پانی پلایا اور ان کی واٹربوائے والی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔

سری لنکن ٹیم کو شکست

نروشن ڈکویلا کی زیر قیادت سری لنکن ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ اوورز میں 8 وکتوں کے نقصان پر 131 رنز بنائے۔

اوشادا فرنینڈو 31 رنز کے ساتھ سب سے کامیاب بلے باز رہے جبکہ ونندو ہسارنگا نے 26 اور بھنوکا راجا پکسے نے 24 رنز کی اننگز کھیلیں۔

ہدف کے تعاقب میں آسٹریلین پرائم منسٹر الیون کے صرف دو کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل ہو سکے اور دوسرا سب سے بڑا اسکور 13 رنز بنانے والے ڈینیئل کرسٹین کا تھا۔

لیکن ہیری نیلسن نے 50 گیندوں پر 79 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو میچ میں فتح سے ہمکنار کرا دیا اور میزبان ٹیم نے ایک گیند قبل ہدف حاصل کر لیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

honorable Oct 25, 2019 08:47am
like president Alawi he has no important work at his end.