سری لنکا دوسرا ٹی20 بھی ہار گیا، سیریز آسٹریلیا کے نام

30 اکتوبر 2019
آسٹریلیا کی جانب سے اسٹیون اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر دونوں نے نصف سنچریاں اسکور کیں— فوٹو: اے ایف پی
آسٹریلیا کی جانب سے اسٹیون اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر دونوں نے نصف سنچریاں اسکور کیں— فوٹو: اے ایف پی

باؤلرز کی شاندار کارکردگی کے بعد ڈیوڈ وارنر اور اسٹیو اسمتھ کی شاندار بیٹنگ کی بدولت آسٹریلیا نے سری لنکا کو دوسرے ٹی20 میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 9وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی۔

برسبین میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹی20 میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔

سری لنکا کا کوئی بھی بلے باز ڈٹ کر آسٹریلین بلے بازوں کا سامنا نہ کر سکا اور تمام کھلاڑی ایک کے بعد ایک وکٹیں گنواتے رہے۔

کوشل پریرا 27 رنز کے ساتھ سب سے کامیاب بلے باز رہے جبکہ دھنشکا گونا تھیلاکا 21 اور آوشکا فرنینڈو 17 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔

سری لنکا کی پوری ٹیم 19اوورز میں 117 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔

آسٹریلیا کی جانب بلی اسٹین لیک، پیٹ کمنز، ایشٹن ایگار اور ایڈم زامپا نے دو،، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ دو کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔

ہدف کے تعاقب میں لاستھ ملنگا نے آسٹریلین کپتان کا گولڈن ڈک پر شکار کیا تو لگا کہ شاید سری لنکن ٹیم میچ میں واپسی کر لے گی لیکن وارنر اور اسمتھ نے ان کے ارمانوں کو خاک میں ملا دیا۔

دونوں کھلاڑیوں نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور مزید کسی نقصان کے بغیر 13اوورز میں ہی اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

وارنر نے 41 گیندوں پر 60 اور اسمتھ نے 36 گیندوں پر 53 رنز کی اننگز کھیلی۔

اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی آسٹریلیا نے تین ٹی20 میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرتے ہوئے سیریز بھی اپنے نام کر لی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں