سونے کے کیپسول نگلنے والی خواتین سیکیورٹی تحویل سے اغوا

اپ ڈیٹ 07 نومبر 2019
دونوں خواتین سری لنکا سے بھارت پہنچی تھیں—فوٹو: ڈی ٹی نیکسٹ
دونوں خواتین سری لنکا سے بھارت پہنچی تھیں—فوٹو: ڈی ٹی نیکسٹ

بھارت کی جنوبی ریاست تامل ناڈو میں بولی وڈ فلموں جیسا ایک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک کلو سے زائد وزن کے سونے کے کیپسول نگلنے والی 2 خواتین کی گرفتاری کے بعد مبینہ طور پر انہیں جرائم پیشہ افراد اغوا کرکے لے گئے اور ان کے پیٹ سے سونا نکال لیا۔

فلمی مناظر جیسا یہ واقعہ گزشتہ روز تامل ناڈو کے دارالحکومت چنئی میں پیش آیا، جہاں جرائم پیشہ افراد دونوں خواتین کو کسٹم حکام کی تحویل سے اغوا کرکے فرار ہوگئے۔

مبینہ طور پر غنڈوں کی جانب سے کسٹم حکام کی تحویل سے اگوا کی گئیں خواتین کو کچھ دیر قبل ہی ایئرپورٹ پر حد سے زیادہ پھولے ہوئے پیٹ کی شک کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا، جنہوں نے بعد ازاں اعتراف کیا تھا کہ انہوں نے سونے کے کیپسول نگل رکھے ہیں۔

ٹائمز آف انڈیا نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ تیرسا اور فاطمہ نامی دونوں خواتین 6 نومبر کو سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو سے چنئی پہنچی تھیں اور دونوں خواتین کے پیٹ حد سے زیادہ پھولے ہوئے تھے۔

رپورٹ کے مطابق ایئرپورٹ پر کسٹم حکام نے خواتین کے ضرورت سے زیادہ پیٹ باہر ہونے کی صورت میں انہیں روکا اور ان کی اسکیننگ کیے جانے کے دوران معلوم ہوا کہ دونوں خواتین کے پیٹ میں اسمگل شدہ سونا ہے۔

اسکیننگ کے بعد خواتین نے اعتراف کیا کہ دونوں نے 30 سے زیادہ سونے کے کیپسول نگل رکھے ہیں، جس کے بعد دو کسٹم اہلکار انہیں اپنی ذاتی گاڑی میں نجی ہسپتال منتقل کر رہے تھے کہ جرائم پیشہ افراد نے حملہ کرکے دونوں خواتین کو اغوا کرلیا۔

یہ بھی پڑھیں: جوتوں میں 2 کلو سونا چھپا کر بیرون ملک جانے والی خاتون گرفتار

ویب سائٹ ’ڈی ٹی نیسکسٹ‘ کی رپورٹ کے مطابق بعد ازاں دونوں کسٹم حکام نے خواتین کے اغوا کیے جانے کی رپورٹ پولیس میں درج کروائی اور پولیس نے تفتیش کے بعد دونوں خواتین کو ایک بار پھر گرفتار کرلیا۔

دوبارہ گرفتاری کے بعد دونوں خواتین نے پولیس کو بتایا کہ وہ کسی بھی جرائم پیشہ گروہ کو نہیں جانتیں اور نہ ہی ان کا تعلق کسی اسمگلر گروپ سے ہے، جس وقت انہیں اغوا کیا گیا، اس وقت ان کی آنکھیں پٹی سے باندھ دی گئی تھیں اور اغوا کاروں نے ان کے پیٹ سے تمام سونا نکال لیا۔

بعد ازاں پولیس نے دونوں خواتین کو مزید تفتیش کے لیے کسٹم حکام کے حوالے کردیا، دوسری جانب کسٹم کے اعلیٰ حکام نے معاملے کی تفتیش کے لیے کمیٹی بنادی۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ مبینہ طور پر کسٹم حکام نے سونا نگلنے والی خواتین کو اغوا کروایا اور ڈراما رچایا کہ خواتین کا تعلق اسمگلر گینگ سے ہے، تاہم تاحال اس حوالے سے حتمی رپورٹ سامنے نہیں آئی۔

تبصرے (0) بند ہیں