برکینا فاسو: کینیڈین کمپنی کے قافلے پر حملہ، 37 افراد ہلاک

اپ ڈیٹ 07 نومبر 2019
حملے میں سیکیورٹی اہلکاروں کے ہلاک ہونے کے امکانات بھی ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی
حملے میں سیکیورٹی اہلکاروں کے ہلاک ہونے کے امکانات بھی ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی

مغربی افریقہ کے ملک برکینا فاسو میں کینیڈا کے کان کنوں کے قافلے پر مسلح افراد کے حملے میں 37 افراد اور 60 سے زائد زخمی ہوگئے۔

قطر کے نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق مقامی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ یہ حملہ اس وقت کیا گیا جب مشرقی برکینا فاسو میں کینیڈا کے سونے کی کان کنی کی کمپنی سیماگو کے ملازمین کا قافلہ جارہا تھا۔

یہ حملہ حالیہ برسوں میں ہونے والے حملوں میں سب سے زیادہ خطرناک تھا کیونکہ برکینا فاسو کے مختلف علاقوں میں فوج تشدد کو کم کرنے کی کوشش میں مصروف ہے۔

مزید پڑھیں: برکینا فاسو: فوجی مرکز، فرانس کے سفارت خانے پر حملے، متعدد ہلاک

یہی نہیں بلکہ سیمافو کی جانب سے بھی گزشتہ برس ملک میں اپنی 2 کانوں کے قریب ہونے والے مسلح حملوں کے بعد سے سیکیورٹی کو سخت کردیا تھا۔

قبل ازیں سیمافو کمپنی کی جانب سے کہا گیا تھا کہ فوجی پہرے کے ساتھ 5 بسوں پر مشتمل قافلہ مشرقی خطے میں بونگو کان کی جانب جارہا تھا کہ متعلقہ مقام سے 40 کلو میٹر پہلے ہی ان پر حملہ ہوا، جس میں کئی افراد ہلاک و زخمی ہوگئے۔

بعد زاں علاقے کے گورنر آفس کی جانب سے مزید تفیصل بتاتے ہوئے کہا کہ 'نامعلوم مسلح افراد نے سیمافو ورکرز کو لے جانے والے قافلے پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 37 شہری ہلاک اور 60 سے زائد زخمی ہوگئے۔

دوسری جانب سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ اس اعداد و شمار میں سیکیورٹی فورسز کی نامعلوم تعداد کو شامل نہیں کیا گیا، جو ہوسکتا ہے کہ اس حملے میں مارے گئے ہوں، ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ مرنے والوں کی تعداد میں اضافے کا امکان ہے کیونکہ ابھی بڑی تعداد میں لوگوں کے بارے میں معلومات حاصل نہیں ہوسکیں۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ قافلے کو لے جانے والی فوجی گاڑی کو وہاں سڑک پر رکھی ہوئی آئی ای ڈی سے نشانہ بنایا گیا جہاں سیل فون نیٹ ورک بھی موجود نہیں تھا۔

یہ بھی پڑھیں: برکینا فاسو: مسجد پر حملہ 16 نمازی جاں بحق

انہوں نے بتایا کہ ابتدائی دھماکے کے بعد نامعلوم تعداد میں موجود مسلح افراد نے فائرنگ کردی اور بظاہر یہ لگ رہا تھا کہ ان کا ہدف بسوں کے ساتھ ساتھ فوجی اہلکار بھی تھے۔

علاوہ ازیں سی بی سی نیوز نے رپورٹ کیا کہ کینیڈا کی عالمی امور کی ترجمان انجیلا ساورڈ نے کہا کہ 'کینیڈن مائننگ کمپنی سیمافو کے کارکنوں کے قافلے اور ان کی سیکیورٹی پر مامور فورسز پر حملے کی مذمت کرتے ہیں'۔

انہوں نے کہا کہ 'ابھی تک ہمارے پاس کسی کینیڈین شہری کے متاثر ہونے کی اطلاع نہیں'، تاہم ہم متاثرین کے اہل خانہ اور پیاروں سے تعزیت کرتے ہیں'۔

تبصرے (0) بند ہیں