لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد میں اسموگ کی وجہ سے کل اسکول بند رہیں گے

اپ ڈیٹ 22 نومبر 2019
ایک ماہ میں تیسری مرتبہ صوبائی حکومت کی جانب سے اسموگ کی وجہ سے اسکول بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا — فائل فوٹو/اے ایف پی
ایک ماہ میں تیسری مرتبہ صوبائی حکومت کی جانب سے اسموگ کی وجہ سے اسکول بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا — فائل فوٹو/اے ایف پی

پنجاب کے محکمہ تعلیم نے فیصلہ کیا ہے کہ اسموگ کی وجہ سے لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں 22 نومبر کو اسکولوں کو بند رکھا جائے گا۔

صوبائی حکومت کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ 'جمعے کے روز اسکولوں کو اسموگ کی وجہ سے 3 اضلاع میں بند رکھا جائے گا'۔

قبل ازیں رواں ماہ محکمہ تعلیم پنجاب نے صوبے بھر کے نجی و سرکاری اسکولوں کو اسموگ کی وجہ سے 20 دسمبر تک کسی بھی قسم کی سرگرمیوں کو کھلی فضا میں کرنے سے روک دیا تھا۔

مزید پڑھیں: ملک میں فضائی آلودگی کے باعث سالانہ ایک لاکھ 35 ہزار اموات

حکومت نے تمام طلبہ کو اسکول کے اوقات کے دوران ایئر فلٹر ماسک پہننے کا کہا ہے اور فیصلہ کیا ہے کہ ماحول کے حوالے سے اسکولوں میں آگاہی مہم چلائی جائے گی۔

ایک ماہ میں یہ تیسری مرتبہ ہے جب اسموگ کی وجہ سے حکومت نے اسکولوں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایئر وژول کی فضا کے معیار کے انڈیکس کے مطابق لاہور میں فضائی معیار بدستور 'مضر صحت' ہے اور اس کی رینکنگ 245 ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں لاہور کی صورتحال بہتر، تیسرے نمبر آگیا

دنیا بھر میں فضائی آلودگی کی سطح پر نظر رکھنے والے ادارے ایئر وژول کے مطابق پنجاب کے دارالحکومت کا شمار دنیا کے سب سے زیادہ آلودہ شہروں میں ہوتا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ 4 برس سے اسموگ کا سیزن جاری ہے جبکہ اس سیزن کو لاہور کا 5واں سیزن کہا جارہا ہے جس کی وجہ سے نومبر سے فروری تک زہریلے دھوئیں کی پرتوں کے باعث لوگ دھوپ اور شام کے وقت سے محروم ہوگئے ہیں۔

دوسری جانب طلبہ کا ایک گروپ اے کیو آئی پیمائش کے نظام میں تبدیلی اور اسموگ پالیسی پر عملدرآمد کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرچکا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں