شمالی وزیرستان: ایف سی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ، ایک جوان شہید

اپ ڈیٹ 01 دسمبر 2019
دہشت گردوں کے حملے میں 2 جوان زخمی بھی ہوئے، ترجمان پاک فوج — فوٹو: آئی ایس پی آر
دہشت گردوں کے حملے میں 2 جوان زخمی بھی ہوئے، ترجمان پاک فوج — فوٹو: آئی ایس پی آر

پاک ۔ افغان سرحد کے قریب شمالی وزیرستان میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کی چوکی پر دہشت گردوں کے حملے میں ایک جوان شہید اور 2 زخمی ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں نے پاک ۔ افغان سرحد کے قریب شمالی وزیرستان میں ایف سی کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔

دہشت گردوں کے حملے میں لانس نائیک محمد عمران شہید اور 2 جوان زخمی ہوئے۔

بیان میں کہا گیا کہ فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد بھی ہلاک ہوئے۔

واضح رہے کہ پاک افغان سرحد کے قریب سیکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنائے جانے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔

ان حملوں میں سے کئی سرحد پار سے کیے جاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاک-افغان سرحد پر دھماکا، پاک فوج کے میجر اور سپاہی شہید

29 اکتوبر کو افغانستان سے سرحد پار فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے 6 جوانوں سمیت 11 افراد زخمی ہوئے تھے۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ 'افغان فورسز نے صوبے کنڑ سے چترال کے چترال کے گاؤں آروندو کی شہری آبادی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 6 جوان اور ایک خاتون سمیت 5 شہری زخمی ہوئے'۔

بیان کے مطابق 'افغان سیکیورٹی فورسز نے مارٹر گولوں اور بھاری مشین گنوں کا استعمال کیا'۔

بیان میں کہا گیا کہ 'پاک فوج کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کی گئی جس کے نتیجے میں افغان سرحدی پوسٹوں کو شدید نقصان پہنچا'۔

اس سے قبل 20 ستمبر کو صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع مہمند میں پاک - افغان سرحد پر ریموٹ کنٹرول دھماکے کے نتیجے میں پاک فوج کا میجر اور سپاہی شہید ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں: پاک افغان سرحد کے 900 کلومیٹر حصے پر باڑ لگانے کا کام مکمل

ترجمان پاک فوج کے مطابق افسر کی نگرانی میں پاک فوج کا اسکواڈ اس دراندازی والے علاقے میں باڑ لگانے کے کام کی نگرانی میں مصروف تھا کہ سرحد پار سے دہشت گردوں کی جانب سے نصب کی گئی بارودی سرنگ کا نشانہ بن گئے۔

14 ستمبر کو پاک-افغان سرحد کے قریب دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کے دو واقعات میں پاک فوج کے 4 جوان شہید اور ایک شدید زخمی ہو گیا جبکہ جوابی کارروائی میں 2 شدت پسند مارے گئے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں