وزیر خارجہ 2 روزہ سرکاری دورے پر سری لنکا پہنچ گئے

اپ ڈیٹ 02 دسمبر 2019
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سری لنکا کے 2 روزہ دورے کا آغاز آج  سے کریں گے— فوٹو: ترجمان دفتر خارجہ ٹوئٹر
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سری لنکا کے 2 روزہ دورے کا آغاز آج سے کریں گے— فوٹو: ترجمان دفتر خارجہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 2 روزہ سرکاری دورے پر کولمبو پہنچ گئے، جہاں وہ سری لنکا کی نو منتخب قیادت سے ملاقات کریں گے اور وزیراعظم عمران خان کی جانب سے مبارکباد کا پیغام بھی پہنچائیں گے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شاہ محمود قریشی سری لنکا کے صدر گوٹابایا راجاپکسے اور وزیراعظم مہندا راجا پکسے سے ملاقات کریں گے اور انہیں مبارک باد دیں گے۔

علاوہ ازیں وزیرخارجہ اپنے نومنتخب سری لنکن ہم منصب دنیش گوناوردھنے سےعلیحدہ ملاقات کریں گے۔

مزید پڑھیں: سری لنکا: صدارتی انتخاب میں سابق صدر کے بھائی کامیاب

ملاقات میں دونوں فریقین باہمی تعلقات سمیت خطے کے معاملات اور عالمی مسائل پر تبادلہ خیال کریں گے۔

بیان کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان باہمی اعتماد اور مفاہمت پر مبنی گہرے اور قریبی تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات وسیع اور کثیر الجہتی ہیں، جس میں سیاسی، تجارتی، کمرشل، دفاع، عوامی سطح کے روابط اور ثقافتی تبادلے شامل ہیں۔

اس کے ساتھ ہی اعلیٰ سطح کے دورے پاک-سری لنکا کے درمیان تعلقات کی خصوصیت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سری لنکا میں صدارتی انتخاب، مسلمان ووٹرز کی بس پر فائرنگ

خیال رہے کہ 20نومبر کو وزیراعظم عمران خان نے سری لنکا کے نو منتخب صدر گوٹابایا راجا پکسے کو فون کیا تھا اور انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی تھی۔

وزیراعظم نے انہیں دورہ پاکستان کی دعوت دی تھی جسے سری لنکا کے صدر نے قبول کرلیا تھا۔

واضح رہے کہ گوٹابایا راجا پکسے نے سری لنکا میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی، جس کے نتائج کا اعلان 17 نومبر کو کیا گیا تھا۔


یہ خبر 02 دسمبر 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں