پاکستان، سری لنکا سیریز کیلئے ٹکٹ کی حیران کن قیمت مقرر

اپ ڈیٹ 09 دسمبر 2019
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے ذریعے پاکستان میں 10سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی ہو گی— فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے ذریعے پاکستان میں 10سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی ہو گی— فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شائقین کو بڑی تعداد میں اسٹیڈیم میں لانے کے لیے ٹکٹوں کی حیران کن قیمتوں کا اعلان کردیا۔

سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے ذریعے پاکستان میں 10سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ہو رہی ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے سیریز کے لیے ٹکٹوں کی فروخت اور ان کی مالیت کے حوالے سے تفصیلات کا اعلان کر دیا ہے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے جس کا پہلا میچ 11 سے 15دسمبر تک راولپنڈی جبکہ دوسرا میچ 19 سے 23 دسمبر تک کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

دونوں ٹیسٹ میچز کے لیے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت 7 دسمبر کو شروع ہوگی اور شائقین کرکٹ www.yayvo.com سے ٹکٹ آن لائن بک کرسکتے ہیں۔

تاہم راولپنڈی میں شیڈول پہلے ٹیسٹ میچ کے ٹکٹ 7دسمبر سے ٹی سی ایس کے مقررہ کردہ سینٹرز پر بھی دستیاب ہوں گے اور اسی طرح کراچی میں دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے ٹی سی ایس کے سینٹرز پر ٹکٹس 9 دسمبر سے دستیاب ہوں گے۔

پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی کے موقع پر پی سی بی نے ٹکٹوں کی مالیت 50روپے مقرر کی ہے جہاں راولپنڈی اسٹیدیم میں شعیب اختر انکلوژر کے ٹکٹس پچاس روپے میں دستیاب ہوں گے۔

اسی طرح کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں جاوید میانداد، فضل محمود، قائد، وسیم اکرم، عمران خان، اقبال قاسم اور نسیم الغنی انکلوژرز کے ٹکٹس 50 روپے میں دستیاب ہوں گے۔

اس کے علاوہ علاوہ روزانہ کی بنیاد پر اسکولوں اور کالجوں کے طلبہ کے لیے بڑی تعداد میں ٹکٹس دستیاب ہوں گے جس کا مقصد نئی نسل کو کھیل کی جانب راغب کرنا ہے۔

پی سی بی نے شائقین کرکٹ سے درخواست کی ہے کہ وہ ٹی سی ایس سینٹرز سے ٹکٹوں کی خریداری کے وقت اپنا قومی شناختی کارڈ ہمراہ رکھیں جبکہ ایک شناختی کارڈ پر زیادہ سے زیادہ 10 ٹکٹس خریدے جاسکیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں