گوگل نے مقبول ترین گیم فورٹ نائٹ کو ایک بار پھر اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے پلے اسٹور کا حصہ بنانے سے انکار کردیا ہے۔

ٹیکنالوجی سائٹ دی ورج کی رپورٹ کے مطابق گوگل نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ اینڈرائیڈ پلے اسٹور میں اس گیم کو اس وقت تک شامل نہیں کیا جائے گا جب تک اسے بنانے والے ڈویلپر ایپک گیمز 30 فیصد فیس کی ادائیگی پر رضامند نہیں ہوجاتی۔

بیان میں کہا گیا کہ اینڈرائیڈ پلیٹ فارم کا انحصار پلے اسٹور کے موجودہ اصول و ضوابط پر ہے کیونکہ کمپنی اسی کی بدولت پلیٹ فارم پر سرمایہ کاری کرکے اسے پھیلانے میں مدد دیتی ہے جبکہ سیکیورٹی اقدامات فراہم کرتی ہے۔

گوگل کے ایک ترجمان کے مطابق اینڈرائیڈ میں متعدد ایپ اسٹورز ان ایبل ہیں جو ڈویلپرز کو ایپس صارفین تک پہنچانے میں مدد دیتے ہیں، گوگل پلے اسٹور کا ایک بزنس ماڈل اور بلنگ پالیسی ہے جو ہمیں پلیٹ فارم اور ٹولز پر سرمایہ کاری کرنے کا موقع دے کر ڈویلپرز کے لیے کامیاب بزنس کی تشکیل اور صارفین کو محفوظ رکھتا ہے۔

گوگل پلے اسٹور میں فورٹ نائٹ کو شامل کرنے کے لیے ایپک گیمز کافی عرصے سے کوشش کررہی ہے کیونکہ اینڈرائیڈ میں اس کا ڈیبیو اگست 2018 میں ہوا اور اس کے بعد سے اسے خود ڈسٹری بیوٹ کررہی ہے۔

نائن ٹو فائیو گوگل کے مطابق ایپک ک جانب سے گیم کو پلے اسٹور کا حصہ بنانے کی درخواست کے ساتھ خصوصی استثنیٰ کا مطالبہ کیا جائے گا تاکہ 30 فیصد ادائیگی کے اصول کو بائی پاس کیا جاسکے۔

فورٹ نائٹ مفت گیم ہے جس کے ڈویلپرز ساری آمدنی اسے کھیلنے کے لیے ٹولز کی خریداری کے ذریعے حاصل کرتے ہیں۔

ایپک نے اس بارے میں دی ورج کو بتایا کہ وہ اپنے لیے خصوصی استثنیٰ نہیں چاہتی بلکہ اس حوالے سے عام تبدیلی کی خواہشمند ہے کیونکہ اسے 30 فیصد لازمی فیس غیرقانونی لگتی ہے۔

دوسری جانب گوگل کا کہنا ہے کہ ایپک نے ایسا استثنیٰ ایپل کے ایپ اسٹور کے لیے نہیں مانگا جہاں اسے گزشتہ سال شامل کیا گیا تھا اور وہ 30 فیصد فیس ادا کررہی ہے۔

ایپک کے سی ای او ٹم سوینری کافی عرصے سے کہہ رہے ہیں ایپ اسٹورز جیسے ایپل اور گوگل کے اسٹور اجارہ داری قائم کیے ہوئے ہیں اور اپنی خدمات کے عوض 30 فیس فیس کاٹ لیتے ہیں۔

ایپک نے اس کے مقابلے میں اپنا ی سی گیم اسٹور متعارف کرایا تھا جہاں فیس کی شرح 12 فیصد رکھی گئی۔

اس کمپنی نے حال ہی میں اینڈرائیڈ فونز کے لیے فورٹ نائٹ انسٹالر اپلیکشن کو بھی ری برانڈ کرکے ایپک گیمز ایپ رکھ دیا تاکہ وہ پلے اسٹور کے بغیر بھی اینڈرائٰڈ صارفین تک اپنی گیمز کو پہنچا سکے۔

تبصرے (0) بند ہیں