پتے کے امراض کی 6 انتباہی علامات

14 دسمبر 2019
— شٹر اسٹاک فوٹو
— شٹر اسٹاک فوٹو

پتے میں پتھری بہت عام مسئلہ ہے اور یہ اس وقت ہوتا ہے جب یہ پتھری بائل (صفرا) کو بلاک کرنے لگتی ہے۔

بائل یا صفرا نامی سیال جگر میں بنتا ہے جو کہ چربی اور مخصوص وٹامنز کو ہضم ہونے میں مدد دیتا ہے۔

جب آپ کچھ کھاتے ہیں تو جسم اسے خارج کرنے کا سگنل دیتا ہے اور جب زیادہ چربی والی غذا کو زیادہ کھایا جاتا ہے تو پتے کا حجم بڑھ یا سکڑ جاتا ہے جس کے نتیجے میں پتھری سے بائل بلاک ہونے سے شدید درد محسوس ہوتا ہے۔

تاہم جب اس عضو کو سکون ملتا ہے تو درد بھی غائب ہوجاتا ہے، تاہم اس کی چند انتباہی علامات درج ذیل ہیں۔

شکم میں درد

معدے میں درد پتے میں مسائل کی سب سے عام علامات میں سے ایک ہے اور یہ اکثر شکم کے اوپری دائیں جانب ہوتا ہے، کئی بار یہ درد کمر تک یا دائیں کندھے تک بھی پھیل جاتا ہے۔ اس درد کی شدت تیزدھار جیسی ہوتی ہے جو کہ آدھے گھنٹے سے ایک گھنٹے تک برقرار رہ سکتی ہے اور اس کے بعد غائب ہوجاتی ہے۔

درد کی آمدورفت

پتے سے درد کی لہر کی آمد اور رخستی بہت عام ہوتی ہے اور اس کی وجہ پتھری کی پتے میں آمدورفت ہوتی ہے، کئی مرتبہ لوگ اسے کوئی اور مرض جیسے لبلبے کی سوزش سمجھ لیتے ہیں، مگر لبلبے کی تکلیف مسلسل کئی گھنٹے تک برقرار رہ سکتی ہے جبکہ خارش بھی ہوتی ہے، اس کے برعکس پتے کے درد میں ایسا نہیں ہوتا۔

کھانے کے فوری بعد تکلیف ہونا

چکنائی اور چربی والی غذا کھاتے ہی طبیعت بگڑنا اکثر پتے میں مسائل کا بہترین اشارہ ہوتا ہے، ماہرین کے مطابق جب لوگ چکنائی والی غذا استعمال کرتے ہیں اور اس میں موجود چربی آنتوں میں داخل ہوتی ہے تو ایک ہارمون کا اخراج ہوتا ہے جو پتے کو سکیڑتا ہے، اس کے نتیجے میں تکلیف کا احساس ہوتا ہے۔

قے، متلی یا سینے میں جلن جیسی علامات

یہ علامات زیادہ عام نہیں ہوتیں اور دیگر طبی مسائل کا باعث بھی ہوسکتی ہیں، درحقیقت پتے کے امراض کے شکار افراد ان کو سینے میں جلن یا تیزابیت میں اضافہ بھی سمجھ سکتے ہیں، مگر قے اور متلی پتے کے مسائل کی پیشگوئی کرنے والا کوئی مثالی اشارہ نہیں تاہم دیگر علامات کے ساتھ اگر یہ نظر آئیں تو ڈاکٹر سے رجوع کریں، خصوصاً اگر ایسا بار بار ہو کیونکہ زیادہ چربی والے کھانے سے قے اور متلی کا سامنا ایسے مریضوں کو ہوسکتا ہے۔

پیشاب کی رنگت گہری اور فضلے کی ہلکی ہوجانا

ویسے تو اپنے جسم سے خارج ہونے والی گندگی کو دیکھنا کسی کو بھی اچھا نہیں لگتا مگر یہ پتے میں مسائل کے بارے میں جاننے میں مدد دے سکتا ہے، اگر بائل کو پتھری بلاک کر رہی ہے تو غذا سے چربی جسم میں ہضم نہیں ہوتی جس کے نتیجے میں فضلہ چکنا اور تیرتا ہوا محسوس ہوتا ہے، اسی وجہ سے پیشاب کی رنگت بھی گہری ہوجاتی ہے۔

جلد یا آنکھوں میں پیلاہٹ

آنکھوں یا جلد میں پیلاہٹ بھی پتے میں پتھری کا نتیجہ ہوسکتی ہے، ایسا اس وقت ہوتا ہے جب پتھری پتے سے باہر نکل کر بائل یا لبلبے کی نالی کو بلاک کردے۔ یہ پیلی رنگت یا یرقان، مختلف امراض جیسے جگر کے مائل یا انیمیا کا نتیجہ بھی ہوسکتی ہے۔

اوپر درج علامات نظر آئیں تو ڈاکٹر سے رجوع کریں، کیونکہ یہ ضروری نہیں کہ یہ پتے کے امراض کی وجہ سے ہی ہو، یہ دیگر امراض کا نتیجہ بھی ہوسکتی ہے، عام طور پر ڈاکٹر ان علامات کے ساتھ دیگر عناصر جیسے خواتین، موٹاپے یا معدے کی سرجری کرانے کو بھی دیکھتے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں