سام سنگ کے 2 'سستے' فلیگ شپ فونز پیش کردیئے گئے

04 جنوری 2020
گلیکسی ایس 10 لائٹ — فوٹو بشکریہ سام سنگ
گلیکسی ایس 10 لائٹ — فوٹو بشکریہ سام سنگ

کئی ہفتوں کی لیکس اور افواہوں کے بعد آخرکار سام سنگ نے 2020 کا آغاز 2 سستے فلیگ شپ فونز گلیکسی ایس 10 لائٹ اور نوٹ 10 لائٹ متعارف کراکے کیا ہے۔

لاس ویگاس میں اگلے ہفتے سے شیڈول سی ای ایس ٹیکنالوجی نمائش سے قبل سام سنگ نے اپنے 2019 کے مقبول فلیگ شپ فونز کے بجٹ ورژنز پیش کیے اور ان میں وہ پریمیئم فیچرز مناسب قیمت میں دینے کا وعدہ کیا ہے۔

یہ دونوں فونز 6.7 انچ سپرامولیڈ انفٹنی او ڈسپلے دیا گیا ہے جن میں فرنٹ کیمرا درمیان میں ہول پنچ ڈیزائن میں دیا گیا ہے۔

4500 ایم اے ایچ بیٹری، 6 سے 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج (ایس ڈی کارڈ سے ایک ٹی بی تک اضافہ کیا جاسکتا ہے) جیسے فیچرز دونوں فونز میں دیئے گئے ہیں مگر اس سے ہٹ کر دیگر فیچرز یا ہارڈوئیر مختلف ہیں۔

گلیکسی ایس 10 لائٹ میں اسنیپ ڈراگون 855 پراسیسر دیا گیا ہے جبکہ نوٹ 10 لائٹ میں کمپنی کے اپنے ایکسینوس 8895 پراسیسر کو استعمال کیا گیا ہے۔

دونوں فونز کے بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ ہے مگر دونوں کا یہ سیٹ اپ مختلف ہے۔

نوٹ 10 لائٹ — فوٹو بشکریہ سام سنگ
نوٹ 10 لائٹ — فوٹو بشکریہ سام سنگ

ایس 10 لائٹ میں 48 میگا پکسل وائیڈ اینگل کیمرا سپر اسٹیڈی او آئی ایس کے ساتھ دیا گیا ہے، یہ فیچر نوٹ 10 لائٹ میں نہیں، اس کے علاوہ 12 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرا 123 ڈگری لینس کے ساتھ دیا گیا ہے جبکہ تیسرا کیمرا 5 میگا پکسل میکرو لینس ہے۔

گلیکسی نوٹ 10 لائٹ میں کیمرا سسٹم بالکل مختلف ہے، اس میں 12 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرا، 12 میگا پکسل وائیڈ اینگل کیمرا اور 12 میگا پکسل ٹیلی فوٹو کیمرا دیا گیا ہے۔

اور ہاں نوٹ 10 لائٹ میں ایس پین دیا گیا ہے جو کہ ایس 10 لائٹ میں موجود نہیں۔

ایس پین میں 2018 کے نوٹ 9 میں دی گئی بلیوٹوتھ لو انرجی سپورٹ موجود ہے جو اسے فون کنٹرول کرنے میں مدد دیتی ہے۔

سام سنگ کی جانب سے ایس 10 لائٹ یا نوٹ 10 لائٹ کی قیمت اور دستیابی کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا، تاہم انہیں 7 جنوری سے شروع ہونے والی سی ای ایس نمائش میں رکھا جائے گا اور ہوسکتا ہے کہ قیمت وغیرہ کا اعلان بھی اسی موقع پر ہو۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں