بنگلہ دیش کا ٹیسٹ میچز کیلئے ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار

اپ ڈیٹ 17 جنوری 2020
بنگلہ دیش کو رواں ماہ پاکستان میں ٹی20 اور ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنی تھی— فائل فوٹو: اے ایف پی
بنگلہ دیش کو رواں ماہ پاکستان میں ٹی20 اور ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنی تھی— فائل فوٹو: اے ایف پی

بنگلہ دیش کی حکومت نے مشرق وسطیٰ کی حالیہ کشیدہ صورت حال کو بنیاد بناتے ہوئے فی الحال ٹیسٹ میچز کے لیے اپنی ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا ہے جس کے بعد رواں ماہ شیڈول بنگلہ دیشی ٹیم کا دورہ پاکستان خطرے میں پڑ گیا ہے۔

بنگلہ دیش کی ٹیم کو رواں ماہ ٹی20 اور ٹیسٹ میچوں کے لیے پاکستان کا دورہ کرنا ہے اور بنگلہ دیش اپنی ٹیم ٹی20 میچوں کے لیے تو پاکستان بھیجنے کے لیے تیار تھا لیکن ٹیسٹ میچوں کے لیے پاکستان میں زیادہ وقت گزارنے کے حوالے سے ہچکچاہٹ کا اظہار کیا تھا۔

مزید پڑھیں: بدقسمتی سے کرکٹ پر سیاست اثرانداز ہو رہی ہے، وزیر داخلہ

بنگلہ دیش نے ٹیسٹ سیریز غیرجانب دار مقام پر کھیلنے کی پیش کش کی لیکن پاکستان نے اس پیش کش کو مسترد کرتے ہوئے واضح الفاظ میں کہہ دیا تھا کہ پاکستان اپنے ہوم گراؤنڈ پر ہی میچز کھیلے گا۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی ہچکچاہٹ کو دیکھتے ہوئے پاکستان نے انہیں پہلے صرف دو ٹیسٹ میچز پاکستان میں کھیلنے اور ٹی20 بعد میں کھیلنے کی پیش کش کی تھی تاہم اس پر بھی بنگلہ دیش راضی نہ ہو سکا۔

دورہ پاکستان کے حوالے سے فیصلہ آج بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے اجلاس میں متوقع تھا جس میں ٹیسٹ سیریز کے لیے ٹیم پاکستان نہ بھیجنے کا متفقہ فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بورڈ کے سربراہ نظم الحسن نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورت حال کے سبب حکومت نے ہمیں طویل عرصے کے لیے ٹیم پاکستان بھیجنے کی اجازت نہیں دی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان دنیا کے محفوظ ترین ملکوں میں سے ایک ہے، کرس گیل

کرک انفو کے مطابق انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہمیں دورہ پاکستان کی اجازت تو دے دی ہے لیکن امریکا-ایران کشیدگی کے سبب ہمیں دورہ مختصر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

بنگلہ دیش کی ٹیم اپنے سابقہ موقف پر برقرار رہتے ہوئے صرف ٹی20 میچز کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی۔

نظم الحسن نے کہا کہ ہم اپنے فیصلے کے بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ سے بات کریں گے، ہمارا مؤقف واضح ہے لیکن دیکھنا ہے کہ اب ان کا کیا ردعمل ہوتا ہے، جہاں تک سیکیورٹی کا تعلق ہے تو ٹی20 ایک بہتر آپشن ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو تو خوش ہونا چاہیے کہ ہم ٹی20 کھیلنے کے لیے تو پاکستان جا رہے ہیں اور ہم اس سے زیادہ انہیں کچھ نہیں دے سکتے۔

مزید پڑھیں: بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ دورہ پاکستان کے خواہش مند

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے سربراہ نے واضح کیا کہ ہم نے ٹیسٹ سیریز کے دورہ پاکستان سے انکار نہیں کیا بلکہ ہم صرف شیڈول میں تبدیلی چاہتے ہیں۔

حالیہ موقف کے بعد بنگلہ دیش کا دورہ پاکستان اب منسوخ ہوتا نظر آ رہا ہے کیونکہ پاکستان کرکٹ بورڈ پہلے ہی صرف ٹی20 سیریز کی میزبانی سے انکار کر چکا ہے تاہم فوری طور پر کوئی ردعمل نہیں آیا۔

تبصرے (0) بند ہیں