نوشہرہ: لاپتہ 8 سالہ بچی کی لاش برآمد، 2 ملزمان گرفتار

20 جنوری 2020
پولیس نے دونوں ملزمان کو حراست میں لے کر ان کا ریمانڈ لے لیا — فوٹو: رائٹرز
پولیس نے دونوں ملزمان کو حراست میں لے کر ان کا ریمانڈ لے لیا — فوٹو: رائٹرز

نوشہرہ: صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقے زیارت کاکا صاحب گاؤں سے لاپتہ 8 سالہ بچی کی لاش برآمد ہونے کے بعد پولیس نے 2 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ہفتے کی رات میں پولیس کو زیارت کاکا صاحب گاؤں سے ایک 8 سالہ بچی کی لاش ملی، جس کے بعد پولیس نے 2 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔

اس حوالے سے نوشہرہ کالاں تھانے میں ایک پریس کانفرنس میں ایس پی انویسٹی گیشن سجاد خان نے کہا کہ ڈی پی او نے کیس کی تحقیقات کے لیے ٹیم تشکیل دے دی اور ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

مزید پڑھیں: شانگلہ میں 10 سالہ بچی کا ریپ، '2 ملزمان' گرفتار

انہوں نے کہا کہ 2 مشتبہ افراد ابرار اور رفیق الوہاب کو گرفتار کرلیا گیا جنہوں نے جرم کا اعتراف کرلیا۔

پولیس افسر کا کہنا تھا کہ ابرار نے اعتراف کیا کہ بچی کو لپسٹک کی پیش کش کرکے ایک زیر تعمیر عمارت میں لایا۔

واضح رہے کہ زیارت کاکا صاحب میں محلہ پیرسچ کی رہائشی لڑکی قرآن پاک پڑھنے قریبی مدرسے میں گئی تھی، تاہم وہ وہاں سے گھر واپس نہیں لوٹی، جس کے بعد اس کے والدین نے انہیں تلاش کرنا شروع کیا لیکن وہ ناکام رہے۔

یہ بھی پڑھیں: نوشہرہ میں 9 سالہ بچی ریپ کے بعد قتل

بعد ازاں انہوں نے ایف آئی آر کے اندراج کے لیے زیارت کاکا صاحب پولیس پوسٹ سے رجوع کیا۔

تاہم پولیس کا کہنا تھا کہ بچی کی لاش ہفتے کی رات اس کے گھر کے قریب ایک نئی تعمیر ہونے والی عمارت کے پانی کے ٹینک سے ملی۔

عہدیداروں کا کہنا تھا کہ لاپتہ بچی کا ریپ کیا گیا تھا یا نہیں اس بارے میں میڈیکل رپورٹ سے تصدیق ہونا باقی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں