دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 ہزار سے تجاوز کرگئی

اپ ڈیٹ 26 جنوری 2020

ای میل

کورونا وائرس کا آغاز چینی شہر ووہان سے جنوری 2020 کے شروع میں ہوا—فوٹو: رائٹرز
کورونا وائرس کا آغاز چینی شہر ووہان سے جنوری 2020 کے شروع میں ہوا—فوٹو: رائٹرز

سال نو کے آغاز پر چین سے شروع ہونے والے خطرناک ’کورونا‘ وائرس کے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 2 ہزار سے زائد ہوگئی اور سب سے زیادہ متاثرین کا تعلق چین سے ہے۔

’کورونا‘ وائرس جنوری 2020 کے شروع میں چینی صوبے ہوبی کے سب سے بڑے شہر ووہان سے شروع ہوا تھا جہاں اب تک اس مرض میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔

یہ مرض اگرچہ پہلی بار سامنے نہیں آیا تاہم یہ پہلا موقع ہے کہ اس مرض کے بڑے پیمانے پر پھیلنے کے واضح امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔

کورونا وائرس ایک عام وائرل ہونے والا وائرس ہے جو عام طور پر ایسے جانوروں کو متاثر کرتا ہے جو بچوں کو دودھ پلاتے ہیں تاہم یہ وائرس سمندری مخلوق سمیت انسانوں کو بھی متاثر کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: انسان سے انسان میں منتقل ہونے والے کورونا وائرس کے پھیلنے کی تصدیق

اس وائرس میں مبتلا انسان کا نظام تنفس متاثر ہوتا ہے اور اسے سانس میں تکلیف سمیت گلے میں سوزش و خراش بھی ہوتی ہے اور اس وائرس کی علامات عام نزلہ و زکام یا گلے کی خارش جیسی بیماریوں سے الگ ہوتی ہیں۔

چین میں کورونا وائرس سے پہلی موت جنوری کے دوسرے ہفتے میں ہوئی تھی—فوٹو: رائٹرز
چین میں کورونا وائرس سے پہلی موت جنوری کے دوسرے ہفتے میں ہوئی تھی—فوٹو: رائٹرز

اس وائرس کا اب تک کوئی بھی علاج موجود نہیں ہے تاہم احتیاطی تدابیر اور دیگر دوائیوں کی مدد سے اس پر کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔

’کورونا‘ وائرس کے چین سے دوسرے ممالک منتقلی کے بعد اب اس وائرس سے دنیا بھر کے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 2 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس پھیلنے کے بعد چین کے متعدد شہروں میں ٹرانسپورٹ معطل،عبادت گاہیں بند

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ نے اپنی رپورٹ میں چین کے سرکاری ٹی وی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ’کورونا‘ وائرس کے سب سے زیادہ متاثرہ افراد کی تعداد چین میں موجود ہے۔

چین میں متعدد شہروں میں عوامی مقامات کو بند کردیا گیا —فوٹو: رائٹرز
چین میں متعدد شہروں میں عوامی مقامات کو بند کردیا گیا —فوٹو: رائٹرز

رپورٹ کے مطابق چین میں جنوری کے آغاز سے 25 جنوری 2020 تک 1975 افراد ’کورونا‘ وائرس میں مبتلا ہوچکے تھے جب کہ اسی عرصے کے دوران چین میں اسی وائرس سے 56 افراد ہلاک بھی ہوچکے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس کا خوف، چینی فلموں کی سینما میں نمائش پر پابندی

چین کے علاوہ کینیڈا میں بھی پہلے ’کورونا‘ وائرس سے متاثرہ شخص کی تصدیق کردی گئی ہے جو حال ہی میں چینی شہر ووہان سے کینیڈا پہنچا تھا۔

شہریوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایات کی گئی ہیں—فوٹو: رائٹرز
شہریوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایات کی گئی ہیں—فوٹو: رائٹرز

’کورونا‘ وائرس کی دوسرے ممالک منتقلی کے بعد پاکستان اور امریکا سمیت کئی ممالک نے الرٹ جاری کر رکھے ہوئے ہیں اور اپنے شہریوں کو چین کا دورہ منسوخ کرنے کا بھی کہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس کیا ہے اور یہ کتنا خطرناک ہے؟

’کورونا‘ وائرس کے حوالے سے چینی حکام نے گزشتہ ہفتے ہی تصدیق کی تھی کہ مذکورہ وائرس ایک سے دوسرے انسان میں منتقل ہوسکتا ہے اور یہ وائرس ہاتھ ملانے سمیت سانس کے ذریعے بھی منتقل ہوسکتا ہے۔

وائرس کے ایک سے دوسرے انسان میں منتقل ہونے کی تصدیق ہونے کے بعد چین کے کئی شہروں میں عوامی مقامات اور سینما گھروں سمیت دیگر اہم سیاحتی مقامات کو بھی بند کردیا گیا ہے جب کہ شہریوں کو سخت تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

چینی حکومت نے پولیس اور فوج سمیت دیگر سرکاری ملازمین کو ہدایت کر رکھی ہے کہ وہ ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے سے گریز کرتے ہوئے دور سے سلامی والا روایتی انداز اپنائیں۔

چین کے علاوہ بھی دیگر ممالک میں اس وائرس کے کیسز سامنے آگئے—فوٹو: رائٹرز
چین کے علاوہ بھی دیگر ممالک میں اس وائرس کے کیسز سامنے آگئے—فوٹو: رائٹرز