پنجاب میں 1076 چینی شہریوں کی اسکریننگ مکمل، کورونا وائرس سے کلیئر قرار

اپ ڈیٹ 02 فروری 2020
محکمہ داخلہ پنجاب نے محکمہ صحت کو اسکریننگ کے لیے 2 ہزار 7 سو 95 چینی شہریوں کی فہرست فراہم کی تھی
— فائل فوٹو: رائٹرز
محکمہ داخلہ پنجاب نے محکمہ صحت کو اسکریننگ کے لیے 2 ہزار 7 سو 95 چینی شہریوں کی فہرست فراہم کی تھی — فائل فوٹو: رائٹرز

لاہور: پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈپارٹمنٹ (پی اینڈ ایس ایچ ڈی) نے ایک ہزار 76 چینی شہریوں کی اسکریننگ مکمل کرلی ہے اور انہیں کورونا وائرس سے کلیئر قرار دے دیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ہیلتھ سیکریٹری ریٹائرڈ کیپٹن محمد عثمان نے کہا کہ اس مقصد کے لیے تعینات ٹیموں نے پنجاب میں موجود 2 ہزار 7 سو 95 چینی شہریوں تک رسائی حاصل کی۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ داخلہ پنجاب نے محکمہ صحت کو اسکریننگ کے لیے 2 ہزار 7 سو 95 چینی شہریوں کی فہرست، ان کے گھر کے پتے اور ملازمت کے مقام کے ساتھ فراہم کی تھی۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس کہیں جنگلی حیات کا جوابی وار تو نہیں؟

سیکریٹری صحت نے کہا کہ دیگر چینی شہریوں کی اسکریننگ بھی جلد از جلد مکمل کی جائے گی جو صوبہ پنجاب کی 50 کمپنیوں کے لیے مختلف عہدوں پر کام کررہے ہیں۔

کیپٹن (ر) محمد عثمان نے کہا کہ ان میں سے 150 افراد گزشتہ 15 روز میں چین سے واپس آئے تھے۔

سیکریٹری صحت نے کہا کہ اسکریننگ کے دوران ایک ہزار 76 افراد میں نوول کورونا وائرس کی کوئی علامات ظاہر نہیں ہوئیں جس نے چین میں تباہی مچائی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 7 مشتبہ مریضوں کو ہائی ڈیپینڈینسی یونٹ (ایچ ڈی یو) میں داخل کیا گیا تھا، محکمہ صحت نے ان کے خون کے نمونے ہانگ کانگ بھیج دیے تھے اور ان کی رپورٹس کا انتظار کیا جارہا تھا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اکثر مشتبہ مریضوں کو دورانِ علاج صحت یاب ہونے کے بعد ڈسچارج کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: چین سے باہر کئی ممالک میں 100 سے زائد کیسز رپورٹ

محمد عثمان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے تشکیل کردہ کورونا وائرس کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر صورتحال کی نگرانی کرر ہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 'ہم ہر قسم کی ایمرجنسی کو روکنے کی کوشش کررہے ہیں جس کے لیے محکمہ صحت تمام صوبائی اور وفاقی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر کام کررہا ہے'۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاقی حکومت نے تنقید کے باوجود چین میں پھیلنے والے ہلاکت خیز کورونا وائرس کے حوالے سے پاکستانیوں کو واپس وطن نہ لانے کے فیصلے پر قائم رہنے کا اعلان کیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں