• KHI: Fajr 5:22am Sunrise 6:39am
  • LHR: Fajr 4:56am Sunrise 6:19am
  • ISB: Fajr 5:03am Sunrise 6:27am
  • KHI: Fajr 5:22am Sunrise 6:39am
  • LHR: Fajr 4:56am Sunrise 6:19am
  • ISB: Fajr 5:03am Sunrise 6:27am

بُش فائر بیش: وسیم اکرم کی ٹیم سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رن سے کامیاب

شائع February 9, 2020 اپ ڈیٹ February 16, 2020
بُش فائر بیش میں دنیا بھر کے سابق اور موجودہ اسٹارز نے شرکت کی— فوٹو: اے ایف پی
بُش فائر بیش میں دنیا بھر کے سابق اور موجودہ اسٹارز نے شرکت کی— فوٹو: اے ایف پی

آسٹریلیا میں لگنے والی آگ سے متاثرہ علاقوں کی مدد کے سلسلے میں کھیلے گئے چیریٹی میچ میں رکی پونٹنگ الیون نے گلکرسٹ الیون کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رن سے شکست دے دی۔

میلبرن کے جنکشن اوول میں کھیلے گئے 10اوورز فی اننگز کے میچ میں گلکرسٹ الیون نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

میچ کی خاص بات یہ تھی کہ اس میں دنیا بھر کے موجودہ خصوصاً بڑی تعداد میں سابق کرکٹ سپر اسٹارز نے شرکت کی جبکہ چند آسٹریلین وومن کرکٹرز بھی میچ کا حصہ تھیں۔

اوپنر جسٹن لینگر اور میتھیو ہیڈن نے اپنی ٹیم کو 15رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا جس کے بعد کورٹنی والش کے ہاتھوں لینگر کی اننگز اختتام کو پہنچی۔

میتھیو ہیڈن اور کپتان رکی پونٹنگ نے اسکور کو 44 تک پہنچایا جس کے ساتھ ہی ہیڈن 16رنز بناکر یوراج سنگھ کو وکٹ دے بیٹھے۔

پونٹنگ 14 گیندوں پر 26رنز بنانے کے بعد ریٹائرڈ آؤٹ ہو گئے جبکہ وومن کرکٹر فوبے لچ فیلڈ بھی صرف 9رنز بنا سکیں۔

برائن لارا نے عمدہ اور جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریٹائرڈ آؤٹ ہونے سے قبل صرف 11 گیندوں پر 2 چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 30 رنز بنائے۔

رکی پونٹنگ الیون نے مقررہ 10 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 104رنز بنائے۔

گلکرسٹ الیون کے والش، یوراج اور اینڈریو سائمنڈز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں کپتان گلکرسٹ اور شین واٹسن نے اپنی ٹیم کو 3 اوورز میں 49 رنز کا آغاز فراہم کر کے میچ کو بظاہر یکطرفہ بنا دیا، اس موقع پر واٹسن 9 گیندوں پر 3 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 30 رنز بنانے کے بعد ریٹائرڈ آؤٹ ہو گئے۔

تاہم واٹسن کے جاتے ہی میچ کا نقشہ بدل گیا اور ایک گیند کے بعد ہی گلکرسٹ بھی 17رنز بنانے کے بعد لیوک ہوج کو وکٹ دے بیٹھے۔

دوسرے اینڈ سے بریٹ لی نے ایک ہی اوور میں بریڈ ہوج اور پھر یوراج سنگھ کو آؤٹ کر کے سنسنی پھیلا دی اور گلکرسٹ الیون 52رنز پر 4وکٹیں گنوا بیٹھی۔

اس مرحلے پر اینڈریو سائمنڈز 13گیندوں پر 2 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 29رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو میچ میں واپس لے آئے اور اسی اسکور پر ریٹائرڈ آؤٹ ہو گئے۔

گلکرسٹ الیون کو میچ کے آخری اوور میں فتح کے لیے 17رنز درکار تھے لیکن وہ صرف 15رنز ہی بنا سکے اور یوں رکی پونٹنگ الیون نے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رن سے فتح حاصل کر لی۔

پاکستان کی جانب سے میچ میں وسیم اکرم نے نمائندگی کی لیکن وہ 2 اوورز میں 21 رنز دینے کے باوجود کوئی وکٹ نہ لے سکے۔

بُش فائر کرکٹ بیش سے مجموعی طور پر 77 لاکھ ڈالر کی آمدنی ہوئی ہے جسے آسٹریلیا میں موسم گرما میں لگنے والی بدترین آگ سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کے لیے کاموں کے لیے خرچ کیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 31 اکتوبر 2024
کارٹون : 30 اکتوبر 2024