سام سنگ کے نئے فولڈایبل فون کا اشتہار متعارف ہونے سے قبل جاری

10 فروری 2020
گلیکسی زی فلپ — فوٹو بشکریہ سام سنگ
گلیکسی زی فلپ — فوٹو بشکریہ سام سنگ

اب اکثر ایسا ہوتا ہے کہ صرف مختلف لوگ ہی کمپنیوں کی ڈیوائسز کے بارے میں لیکس کرتے ہیں بلکہ یہ کام کمپنیاں خود بھی کرنے لگی ہیں۔

ایسا ہی کچھ گزشتہ شب آسکر ایوارڈز کی تقریب سے قبل ایک اشتہار میں ہوا جس میں سام سنگ نے اپنے نئے فولڈ ایبل فون گلیکسی زی فلپ کا اشتہار نشر کیا اور پورے فون کو ہی دکھا دیا۔

خیال رہے کہ سام سنگ کی جانب سے 11 فروری کو سان فرانسسکو میں ایک ایونٹ کے دوران گلیکسی ایس 20 سیریز (ممکنہ طور پر 3 فونز) اور گلیکسی زی فلپ فونز کو متعارف کرایا جائے گا۔

اشتہار میں یہ فون موٹرولا ریزر فولڈ ایبل فون سے ملتا جلتا نظر آتا ہے جو ایک میز پر 90 ڈگری اینگل پر رکھا ہے۔

اس کے علاوہ یہ بھی دکھایا گیا کہ فون کس طرح فولڈ ہوتا ہے۔

اشتہار میں ایک تحریر میں لکھا تھا 'آپ نے مین اسکرین کے سینٹر میں ایک چھوٹی کریز کو دیکھا ہوگا، جو کہ اس کی اسکرین کی قدرتی خوبی ہے'۔

اشتہار میں یہ فون 2 رنگوں جامنی اور سیاہ میں نظر آیا۔

اس کے علاوہ اشتہار میں پہلی بار فون کی باہری اسکرین میں نظر آتی جو بہت چھوٹی ہے مگر اس سے کالر آئی ڈی کے ساتھ کال کو قبول یا مسترد کیا جاسکتا ہے۔

اس سے قبل مختلف لیک میں بتایا گیا تھا کہ زی فلپ میں 6.7 انچ اسکرین دی گئی ہے جس میں 22:9 ایسپیکٹ ریشو فولڈ ایبل او ایل ای ڈی ڈسپلے ایف ایچ ڈی پلس ریزولوشن موجود ہے۔

گزشتہ سال کے گلیکسی فولڈ کے برعکس اس نئی لیک میں الٹرا تھن گلاس ڈسپلے فیچر کی تصدیق کی گئی ہے تاکہ اسے فولڈ کرتے ہوئے گلیکسی فولڈ جیسے مسائل سامنے نہ آسکیں۔

سام سنگ کے حالیہ فونز کی طرح زی فلپ میں پنچ ہول سیلفی کیمرا دیا گیا ہے جبکہ باہر سیکنڈ ڈسپلے 1.06 انچ او ایل ای ڈی پینل سے لیس ہے جو وقت دیکھنے کے ساتھ سادہ نوٹیفکیشن دکھائے گا۔

اس فون میں کوالکوم اسنیپ ڈراگون 855 پلس پراسیسر، 8 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج دیئے جانے کا امکان ہے۔

فون میں سنگل یو ایس بی سی پورٹ چارجنگ اور آڈیو کے لیے دی جارہی ہے جبکہ مائیکرو ایس ڈی کارڈ سلاٹ اور ہیڈفون جیک موجود نہیں، جبکہ یہ فون 5 جی کو بھی سپورٹ نہیں کرے گا بلکہ ایل ٹی ای نیٹ ورک کو سپورٹ کرے گا۔

اس فون میں باہر کی جانب ڈوئل کیمرا سیٹ اپ ہوگا جس میں 12 میگا پکسل کا مین کیمرا اور 12 میگا پکسل کا الٹرا وائیڈ اینگل کیمرا شامل ہیں جبکہ سیلفی کیمرا 10 میگا پکسل کا ہوگا۔

اس کی قیمت ممکنہ طور پر 1400 ڈالرز (2 لاکھ 16 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) تک ہوسکتی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں