فنکاروں کی شاندار پرفارمنس کے ساتھ پاکستان سپر لیگ 2020 کی افتتاحی تقریب کا اختتام

اپ ڈیٹ 20 فروری 2020
تقریب میں شاندار لوک پرفارمنس کا مظاہرہ بھی کیا گیا— تصویر بشکریہ پی ایس ایل
تقریب میں شاندار لوک پرفارمنس کا مظاہرہ بھی کیا گیا— تصویر بشکریہ پی ایس ایل
پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب کا آغاز قومی ترانے کے ساتھ کیا گیا— فوٹو: بلال خان
پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب کا آغاز قومی ترانے کے ساتھ کیا گیا— فوٹو: بلال خان

پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کا آغاز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں رنگارنگ تقریب سے ہو گیا جس میں فنکاروں نے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔

پاکستان سپر لیگ کی افتتاحی تقریب کا آغاز قومی ترانے سے کیا گیا جس میں اسٹیڈیم میں موجود شائقین کرکٹ کا جوش و جذبہ دیدنی تھا۔

تقریب میں میزبانی کے فرائض معروف گلوکار اور کمپیئر فخر عالم نے انجام دیے۔

فوٹو: بلال خان
فوٹو: بلال خان

اس کے بعد اسٹیڈیم میں موجود بڑی اسکرینز پر ایک ویڈیو چلائی گئی جس میں پاکستان کے تمام صوبوں اور اہم شہروں کی خوبصورت طریقے سے منظر کشی کی گئی تھی۔

اس کے بعد علاقائی موسیقی کا خوبصورت مظاہرہ کیا گیا جس نے اسٹیڈیم اور ٹی وی پر دیکھنے والوں کو خوب محظوظ کیا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم نے گزشتہ سال اپنے سفر کا اختتام پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے فائنل کے انعقاد کے ساتھ کیا تھا اور آج اس سفر کا دوبارہ آغاز پی ایس ایل کے پانچویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب سے کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2018 کے ایونٹ کا فائنل کراچی میں ہوا جس کے بعد 2019 کے ایڈیشن کے تمام میچز کراچی میں منعقد ہوئے جس کا کریڈٹ کراچی کے عوام کو جاتا ہے اور آج ہم کراچی میں افتتاحی تقریب کر رہے ہیں۔

فوٹو: بلال خان
فوٹو: بلال خان

انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا بہت شکر گزار ہوں جنہوں نے ہماری درخواست پر ہمیں پاکستان سپر لیگ کے میچز کی میزبانی دی۔

'اگلے سال پشاور میں بھی میچز منعقد کرانے کی کوشش کریں گے'

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 17مارچ 2019 کو ہم نے وعدہ کیا تھا کہ ہم پورا سال ایچ بی ایل پی ایس ایل پاکستان میں منعقد ہوگا اور وہ وعدہ ہم نے آج پورا کردیا۔

انہوں نے کہا کہ اس سال کراچی اور لاہور کے علاوہ راولپنڈی اور ملتان میں بھی میچز کا انعقاد ہوگا اور ہماری کوشش ہوگی کہ اگلے سال پشاور میں بھی میچز کا انعقاد کرائیں۔

اس موقع پر انہوں نے پاکستانی عوام، شائقین کرکٹ، اسپانسرز، کرشل پارٹنرز اور میڈیا پارٹنرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں کی مدد سے پاکستان سپر لیگ ملک کا سب سے بڑا کھیلوں کا برانڈ بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان، صوبہ پنجاب اور صوبہ سندھ کی حکومتوں کی مدد کے بغیر پی ایس ایل کے تمام میچز کا پاکستان میں انعقاد ناممکن ہوتا اور میں خصوصی طور پر سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مقامی حکومت کا بھی مشکور ہوں۔

احسان مانی نے کہا کہ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف تمام غیر ملکی کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہتا ہوں اور امید ظاہر کرتا ہوں کہ آپ خوشگوار یادوں کے ساتھ اپنے ملکوں کو واپس لوٹیں گے اور امید ہے کہ ہم اگلے سال پھر آپ کا استقبال کریں گے۔

اس کے بعد صنم ماروی، سوچ بینڈ اور فرید ایاز قوال نے تقریب میں صوفیانہ کلام پیش کیا جس کے بعد سجاد علی اور آئمہ بیگ نے فن کے جوہر دکھائے جبکہ ابرار الحق نے بھی اپنے روایتی انداز سے شائقین کو خوب محظوظ کیا۔

تقریب میں راحت فتح علی خان کی پرفارمنس کے بعد اختتامی لمحات میں عارف لوہار، عاصم اظہر، ہارون اور علی عظمت نے پی ایس ایل کے آفیشل گانے 'تیار ہیں' پر شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کر کے شائقین کے دل جیت لیے۔

تقریب کے اختتام پر آتش بازی کا شاندار اور دلفریب مظاہرہ کیا گیا۔

پاکستان سپر لیگ کے اس ایونٹ کی خاص بات یہ ہے کہ اس ایونٹ کے تمام 34 میچز پہلی مرتبہ پاکستان کی سرزمین پر کھیلے جائیں گے اور کراچی، لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں کھیلے جائیں گے۔

پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں 10لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی اور فاتح ٹیم کو 5 لاکھ ڈالرز بطور انعام دیے جائیں گے۔

لیگ کی ٹرافی کی تقریب رونمائی گزشتہ روز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کی گئی جس میں ٹیموں کے کپتانوں کے ساتھ ساتھ مالکان نے بھی شرکت کی۔

افتتاحی تقریب کے بعد دفاعی چیمپیئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور دو مرتبہ کی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان میچ کھیلا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں