سام سنگ نے نیا گلیکسی ایم 31 اسمارٹ فون متعارف کرادیا ہے۔

یہ گزشتہ سال کے ایم 30 اور ایم 30 ایس کا اپ ڈیٹ ورژن ہے جس میں کیمرا سسٹم کو بہتر کیا گیا ہے۔

سام سنگ کے اس فون میں 6.4 انچ کا ایف ایچ ڈی پلس سپر امولیڈ ڈسپلے دیا گیا ہے جس میں واٹر ڈراپ نوچ موجود ہے۔

بیٹری کے لحاظ سے یہ فون بہت طاقتور ہے کیونکہ اس میں 6000 ایم اے ایچ بیٹری دی گئی ہے جو کہ گزشتہ سال کے گلیکسی ایم 30 ایس میں بھی موجود تھی۔

بیٹری کے ساتھ 15 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ موجود ہے اور کمپنی نے گزشتہ سال 6000 ایم اے ایچ بیٹری کے بارے میں بتایا تھا کہ اس پر صارف 29 گھنٹے تک لگاتار ویڈیوز، 130 گھنٹوں تک آڈیو پلے بیک دیکھ یا سن سکتا ہے۔

فون میں کمپنی کا اپنا ایکسینوس 9611 پراسیسر دیا گیا ہے جس کے ساتھ 4 سے 6 جی بی ریم اور 64 سے 128 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے جس میں مائیکرو ایس ڈی کارڈ سے مزید اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

اینڈرائیڈ 10 آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج کمپنی نے اپنے ون یوآئی 2 سے کیا ہے جبکہ ہیڈفون جیک، ایف ایم ریڈیو سپورٹ اور بلیوٹوتھ 5.0 جیسے فیچرز بھی موجود ہیں۔

گزشتہ سال کے گلیکسی ایم 30 ایس کے 3 بیک کیمروں کی جگہ اس بار 4 کیمروں کا سیٹ اپ دیا گیا ہے۔

اس کا مین کیمرا 64 میگا پکسل کا ہے جبکہ 8 میگا پکسل الٹراوائیڈ، 5 میگا پکسل میکرو اور 5 میگا پکسل ڈیپتھ کیمرے اس کے ساتھ ہیں۔

فوٹو بشکریہ سام سنگ
فوٹو بشکریہ سام سنگ

فون کے فرنٹ پر 16 میگا پکسل کیمرا سیلفی کے شوقین افراد کے لیے دیا گیا ہے اور فنگرپنٹ اسکینر بیک پر موجود ہے۔

کمپنی نے اس فون کے 4 جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج والے ماڈل کی قیمت 208 ڈالرز (32 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 6 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ورژن 222 ڈالرز (34 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) رکھی ہے۔

یہ فون اگلے ماہ سب سے پہلے بھارت میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا، دیگر ممالک کے حوالے سے فی الحال کمپنی نے کوئی اعلان نہیں کیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں