27 فروری کی مناسبت سے پاک فوج کا نغمہ جاری

اپ ڈیٹ 27 فروری 2020
فوٹو: یوٹیوب اسکرین شاٹ
فوٹو: یوٹیوب اسکرین شاٹ

27 فروری 2019 پاکستان کی تاریخ میں وہ یادگار دن، جس میں پاک فضائیہ کے شاہینوں نے سرحدی حدود کی خلاف ورزی پر بھارت کے 2 طیارے گراکر ان کے پائلٹ ابھی نندن کو گرفتار کیا اور بہادری کی نئی مثال قائم کی۔

اسی دن کی مناسبت سے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے نیا نغمہ بھی جاری کردیا۔

مزید پڑھیں: پاک فضائیہ نے 2 بھارتی لڑاکا طیارے مار گرائے، پاک فوج

'چڑھتا سورج ہے اپنا پاکستان' نغمے کی گلوکاری پاکستان کے نامور گلوکار راحت فتح علی خان نے کی۔

سوشل میڈیا ویب سائٹ یوٹیوب پر جاری کردہ اس گانے کی ویڈیو کو اب تک 61 ہزار سے زائد مرتبہ دیکھا جاچکا ہے۔

یاد رہے کہ 27 فروری 2019 کو پاک فضائیہ نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے بھارتی فورسز کے 2 لڑاکا طیاروں کو مار گرایا تھا۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا تھا کہ پاک فضائیہ نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فضائیہ کی در اندازی کو ناکام بنایا اور 2 بھارتی لڑاکا طیاروں کو مار گرایا۔

بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ ایک بھارتی لڑاکا طیارہ مقبوضہ کشمیر میں گر کر تباہ ہوا جبکہ دوسرا طیارہ پاکستان کے علاقے آزاد کشمیر میں گرا۔

بھارت کا مِگ 21 طیارہ آزاد کشمیر میں تباہ کیے جانے کے بعد اس کے پائلٹ وِنگ کمانڈر ابھی نندن کو گرفتار بھی کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پاک فضائیہ کا نیا نغمہ 'اللہ اکبر' جاری

اگلے روز ہی وزیر اعظم عمران خان نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران اعلان کیا تھا کہ ہم امن کے لیے بھارت کے گرفتار پائلٹ ابھی نندن کو رہا کردیں گے۔

یکم مارچ 2019 کو ابھی نندن کو سخت سیکیورٹی میں واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کردیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ اسی دن کی مناسبت سے رواں ماہ 24 تاریخ کو پاک فضائیہ نے بھی اپنا نغمہ 'اللہ اکبر' جاری کیا تھا جس کی گلوکاری شجاع حیدر نے کی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں