چین سے پاکستان سمیت دنیا کے متعدد مالک تک پہنچ جانے والے نوول کورونا وائرس کا اب تک علاج یا ویکسین تو دستیاب نہیں، مگر پھر بھی اس کی علامات کو ٹھیک کرکے مریض کو صحت یاب کرنے میں کامیابی حاصل ہوتی ہے۔

یہی وجہ ہے کہ 82 ہزار سے زائد افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے جن میں سے 32 ہزار صحت یاب بھی ہوگئے، مگر ایک سوال سائنسدانوں کی جانب سے آتا رہا ہے کہ کیا جو فرد اس وائرس کا شکار ہوچکا ہو، وہ صحت یابی کے بعد اس سے دوبارہ متاثر تو نہیں ہوسکتا؟

اور اب ایسا لگتا ہے کہ ایسا ممکن ہے کم از کم جاپان میں ایک ایسا ہی کیس سامنے آیا ہے۔

جاپان کے شہر اوساکا کی رہائشی ایک خاتون دوسری بار اس نئے کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 کا شکار ہوگئی ہے حالانکہ پہلی بار وہ صحت یاب ہوگئی تھی۔

40 سال سے زائد عمر کی اس مریضہ میں بدھ کو کووڈ 19 کا ٹیسٹ مثبت آیا، جس کا اعلان مقامی حکام نے کیا۔

حکام کی جانب سے مریضہ کی شناخت تو ظاہر نہیں کی گئی مگر جاپان کے نیشنل براڈکاسٹر این ایچ کے اور خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق یہ خاتون اوساکا میں ایک ٹور آپریٹر کے طور پر کام کرتی ہے۔

اس خاتون میں 29 جنوری کو پہلی بار کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت ہوا تھا اور ممکنہ طو رپر اس کی وجہ چین کے شہر ووہان (جہاں سے یہ وائرس پھیلنا شروع ہوا) کے سیاحوں کی بس میں سفر تھی۔

یکم فروری کو اس خاتون کو ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا جبکہ 6 فروری کو وائرس فری قرار دیا گیا۔

مگر 19 فروری کو وہ گلے اور سینے میں درد کی شکایت کے ساتھ ڈاکٹروں کے پاس آئی، مگر اسے گھر واپس بھیج دیا گیا۔

تاہم 21، 22 اور 25 فروری کو یہ خاتون 3 بار ڈاکٹروں کے پاس گلے اور سینے کی تکلیف کی شکایت لے کر گئی اور 26 فروری کو دوسری بار کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق ہوئی۔

این ایچ کے کی رپورٹ کے مطابق 19 سے 26 فروری تک یہ خاتون ماسک پہنے رہی اور گھر میں آرام کرتی رہی، اب اس کا علاج اوساکا ہسپتال میں ہورہا ہے۔

ابھی تک یہ واضح نہیں کہ یہ خاتون دوسری بار اس وائرس کا شکار کیسے ہوئی، جاپان میں یہ اس طرح کا پہلا کیس ہے مگر رائٹرز کے مطابق چین میں ایسے کیسز پہلے بھی سامنے آچکے ہیں۔

یعنی بیشتر مریض بظاہر مکمل طور پر صحت یاب ہوچکے ہوتے ہیں، مگر ان میں وائرس کے دوبارہ لوٹ آنے کا امکان ہوسکتا ہے، تاہم ابھی یقین سے کچھ کہنا مشکل ہے اور طبی ماہرین اس سوال کا جواب اور وائرس کو سمجھنے کی سرتوڑ کوشش کررہے ہیں۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس سے اب تک دنیا بھر میں 82 ہزار سے زائد افراد متاثر جبکہ 28 سو سے زائد ہلاک ہوچکے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں