پی ایس ایل میں آج کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ مدمقابل

اپ ڈیٹ 01 مارچ 2020
پاکستان میں کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان 12میچز کھیلے جا چکے ہیں — فائل فوٹو بشکریہ پی ایس ایل
پاکستان میں کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان 12میچز کھیلے جا چکے ہیں — فائل فوٹو بشکریہ پی ایس ایل

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن میں آج ایک میچ کھیلا جائے گا اور ایونٹ کے 14ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

پی ایس ایل کے دلچسپ مقابلے ملک کے 4 شہروں میں جاری ہیں اور ایونٹ کے دوسرے مرحلے میں آج کراچی کنگز اور دو مرتبہ کی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں مدمقابل آئیں گی۔

یاد رہے کہ راولپنڈی میں گزشتہ روز بارش کے سبب پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان میچ ٹاس کے بغیر ہی منسوخ کردیا گیا تھا۔

تاہم آج شہر میں بارش کا امکان نہیں جس کی بدولت امید ہے کہ شائقین کرکٹ کو مکمل میچ دیکھنے کا موقع ملے گا۔

ایونٹ میں اب تک کراچی کنگز کی ٹیم گزشتہ مقابلے کی طرح ایک مرتبہ پھر زیادہ متاثر کن کھیل پیش کرنے میں ناکام رہی ہے اور کراچی کنگز کو اب تک تین میں سے دو میچوں میں شکست ہوئی اور ایک میں وہ فتح کے حصول میں کامیاب رہے۔

اس کے برعکس اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم ایونٹ میں پانچ میچوں میں 5 پوائنٹس کی بدولت پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر موجود ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے اب تک دو میچ جیتے اور دو میں شکست ہوئی جبکہ ایک میچ بارش کی نذر ہوا۔

پاکستان سپر لیگ میں اب تک اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے درمیان 12 میچز ہوئے ہیں، 8 میچز میں یونائیٹڈ کامیاب رہی جبکہ 4میچز کنگز کے نام رہے۔

تبصرے (0) بند ہیں