خیبرپختونخوا میں بارشوں سے مختلف حادثات میں مزید 10 افراد جاں بحق

اپ ڈیٹ 09 مارچ 2020
صوبائی حکومت نے دو روز قبل سردی اور بارش کے باعث موسمی ایمرجنسی ڈیکلیئر کی تھی — فوٹو: ڈان
صوبائی حکومت نے دو روز قبل سردی اور بارش کے باعث موسمی ایمرجنسی ڈیکلیئر کی تھی — فوٹو: ڈان

پشاور: صوبائی حکومت کی جانب سے 14 مارچ تک شدید موسمی ہنگامی صورتحال کے اعلان کے بعد 8 مارچ تک خیبرپختونخوا میں بارش کے باعث مختلف حادثات میں مزید 10 افراد جاں بحق جبکہ دیگر 18 زخمی ہوگئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق صوبائی محکمہ برائے ریلیف، ریہیبلیٹیشن اینڈ سیٹلمنٹ نے دو روز قبل سردی اور بارش کی وجہ سے صوبے بھر میں موسمی ایمرجنسی ڈیکلیئر کردی تھی۔

خیبرپختونخوا کے شمالی اضلاع میں طوفانی بارشیں اور شدید برف باری ہوئی تھی۔

اس حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ بارشوں اور برف باری کا سلسلہ آئندہ 7 روز تک جاری رہے گا۔

مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا: بارشوں کے باعث حادثات میں 17 افراد جاں بحق

ایمرجنسی پلان کے مطابق ڈپٹی کمشنرز طوفانی بارشوں، برف باری اور کم درجہ حرارت سے متاثرہ علاقوں میں عارضی پناہ گاہوں کو دوبارہ بحال کریں گے۔

انتظامیہ انہیں خوراک اور رات کے لیے پناہ گاہ فراہم کریں گے اور جن افراد کے گھر مکمل طور پر تباہ ہوگئے انہیں پکا ہوا کھانا بھی فراہم کیا جائے گا۔

موسلا دھار بارشوں اور برف باری سے صوبے کے 20 اضلاع میں سرکاری اور نجی املاک کو نقصان پہنچا۔

صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے کہا کہ گزشتہ روز خیبر، صوابی اور اورکزئی کے اضلاع میں 6 افراد ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے تھے۔

حکام نے کہا کہ قبائلی ضلع خیبر کے سب ڈویژن باڑا میں شدید بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے 2 بچے جاں بحق اور 8 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

مقامی پولیس نے کہا کہ 13 سالہ سلمان اور 4 سالہ مریم جاں بحق جبکہ اسی خاندان کے دیگر 8 افراد زخمی ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں شدید برف باری، 11 افراد جاں بحق

صوابی میں دو کزنز سمیت 3 افراد بارش کے باعث حادثے میں جاں بحق جبکہ بارش کے نتیجے میں ایک درجن سے زائد مکان تباہ اور کئی کی بیرونی دیواریں گر گئیں۔

پی ایم ڈی اے نے ایک بیان میں کہا کہ بارش سے متاثر رہنے والے اضلاع میں 11 گھر مکمل طور پر تباہ اور 87 کو جزوی نقصان پہنچا تھا۔

نتھیا گلی کے قریب بگنوتر میں مرکزی راستہ جبکہ ضلع ایبٹ آباد میں تمام لنک روڈز برف باری کے باعث ٹریفک کے لیے بند ہیں۔

کھر میں ضلعی انتظامیہ نے علاقے میں حالیہ بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا پتہ لگانے کے لیے سروے شروع کیا ہے۔

واضح رہے کہ 7 مارچ تک خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں کے باعث ہونے والے نقصانات و حادثات کے نتیجے میں اب تک 17 افراد جاں بحق جبکہ 37 زخمی ہوگئے تھے۔

اعداد و شمار کے مطابق خیبرپختونخوا میں تیز ہواؤں اور بارشوں کے نتیجے میں چھتیں گرنے، دیواریں منہدم ہونے، تودے گرنے سے 4 روز میں خواتین اور بچوں سمیت 17 افراد جاں بحق جبکہ 37 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں