کورونا وائرس کے باعث ’فیشن پاکستان ویک‘ مؤخر

اپ ڈیٹ 14 مارچ 2020
فیشن ویک آئندہ ماہ اپریل میں ہونا تھا—فوٹو: فیشن پاکستان ویک
فیشن ویک آئندہ ماہ اپریل میں ہونا تھا—فوٹو: فیشن پاکستان ویک

فیشن پاکستان کونسل (ایف پی سی) کی جانب سے ہر سال منعقد ہونے والے پاکستان فیشن ویک (پی ایف ڈبلیو) کو ملک میں کورونا وائرس پھیلنے کے خطرے کے پیش نظر مؤخر کردیا گیا۔

پاکستان فیشن ویک کا آغاز آئندہ ماہ 9 اپریل سے ہونا تھا جو کراچی کے نجی ہوٹل میں 11 اپریل تک جاری رہتا مگر ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے منتظمین نے فیشن ویک کو مؤخر کردیا۔

پاکستان فیشن ویک کے آفیشل انسٹاگرام پر اس بات کی تصدیق کی گئی کہ آئندہ ماہ اپریل میں ہونے والے فیشن ویک کو غیر معینہ مدت تک مؤخر کردیا گیا۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

پوسٹ میں بتایا گیا کہ کورونا وائرس کے عالمی وبا بن جانے اور دنیا کے دیگر ممالک کی طرح اس کے پاکستان میں بھی تیزی سے پھیلنے کی وجہ سے فیشن ویک کو مؤخر کیا جا رہا ہے۔

پوسٹ کے مطابق منتظمین نے اسپانسرز اور فیشن ویک میں اپنی مصنوعات پیش کرنے والے ڈیزائنرز کی باہمی رضامندی سے فیشن ویک کو غیر معینہ مدت تک مؤخر کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ

انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا گیا کہ فیشن ویک کئی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا، تاہم اب آئندہ ماہ کراچی میں فیشن ویک نہیں ہوگا۔

فیشن ویک کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا—فوٹو: فیشن پاکستان ویک
فیشن ویک کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا—فوٹو: فیشن پاکستان ویک

پوسٹ میں فیشن ویک پاکستان کی چیئرپرسن ماہین خان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے عالمی وبا بن جانے کی وجہ سے یہ لازمی تھا کہ احتیاطی تدابیر کے پیش نظر فیشن ویک کو مؤخر کردیا جائے، تاہم جلد ہی فیشن ویک کی نئی تاریخوں کا اعلان کردیا جائے گا۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر کے پیش نظر جہاں فیشن ویک کو مؤخر کردیا گیا، وہیں پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کا شیڈول بھی تبدیل کیا گیا ہے اور کراچی میں ہونے والے پی ایس ایل میچز میں شائقین کی شرکت پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل کا شیڈول تبدیل، پلے آف میچز ختم، فائنل 18مارچ کو ہو گا

علاوہ ازیں سندھ حکومت نے کورونا وائرس کے پیش نظر وقت سے قبل ہی تعلیمی اداروں کو موسم گرما کی تعطیلات دینے سمیت سالانہ میٹرک کے امتحانات کو بھی مؤخر کردیا جب کہ صوبہ بلوچستان میں بھی تعلیمی اداروں کو بند کردیا گیا ہے۔

تعلیمی اداروں کو بند کیے جانے کے بعد شادی ہالز سمیت دیگر عوامی مقامات کو بھی بند کرنے کے مطالبے کیے جا رہے ہیں اور سوشل میڈیا پر مہم چلائی جا رہی ہے کہ لوگوں کو کم سے کم باہر نکلنا چاہیے۔

پاکستان میں 13 مارچ تک کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 21 تک جا پہنچی تھی جس میں سے 15 کیسز کا تعلق صوبہ سندھ سے تھا۔

فیشن ویک کو غیر معینہ مدت تک مؤخر کیا گیا—فوٹو: فیشن پاکستان ویک
فیشن ویک کو غیر معینہ مدت تک مؤخر کیا گیا—فوٹو: فیشن پاکستان ویک

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں