عوام بخار اور زکام کیلئے پیراسٹامول کا استعمال کرسکتے ہیں، نمائندہ ڈبلیو ایچ او

اپ ڈیٹ 20 مارچ 2020
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے پاکستان میں نمائندہ ڈاکٹر پالیتھا ماہی پالا اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ دے رہے ہیں — فوٹو بشکریہ جاوید حسین
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے پاکستان میں نمائندہ ڈاکٹر پالیتھا ماہی پالا اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ دے رہے ہیں — فوٹو بشکریہ جاوید حسین

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے پاکستان میں نمائندہ ڈاکٹر پالیتھا ماہی پالا کا کہنا ہے کہ کوورنا وائرس کا علاج تلاش کررہے ہیں، عوام بخار اور زکام کے لیے پیراسٹامول کا استعمال کرسکتے ہیں۔

اسلام آباد میں ڈاکٹر پالیتھا ماہی پالا نے میڈیا بریفننگ دیتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس پھیلنے والی بیماری ہے، جو ایک نیا وائرس ہے، یہ وائرس چین سے شروع ہوا اور دیگر ممالک میں پھیلا جس پر ڈبلیو ایچ او نے ایمرجنسی کا اعلان کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر اس حوالے سے تشویش ہے، عالمی ادارہ صحت اس بارے میں سرگرم عمل ہے اور عالمی سطح پر ڈیٹا اکھٹا کیا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: کراچی میں پہلی ہلاکت، پنجاب میں مزید کیسز سے ملک میں 464 افراد متاثر

انہوں نے کہا کہ متاثرین میں اضافہ ہو رہا ہے جس میں بڑی عمر کے لوگ زیادہ ہیں۔

ڈاکٹر پالیتھا ماہی پالا کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس جانوروں سے پھیلتا ہے، اس وقت تمام وائرس ایک ہی فیملی کورونا وائرس سے تعلق رکھتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کورونا وائرس اس وقت عالمی وبا اختیار کر چکا ہے، جس سے 2 لاکھ سے زائد افراد متاثر اور 10 ہزار سے زائد ہلاک ہوچکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان میں مشتبہ کیسز 1346 ہیں جبکہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے 208 ہسپتال کام کر رہے ہیں جن میں ایک ہزار 715 بیڈز ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او پلاننگ، کوآرڈینیشن، پوائنٹس آف انٹری، کیس مینجمنٹ اور کورنٹائنز میں سپورٹ کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: گوگل کا ڈوڈل کے ذریعے ہاتھ دھونے کا طریقہ

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو تکنیکی سپورٹ بھی فراہم کی جا رہی ہے۔

انہوں تجویز دی کہ پاکستان کو لگاتار لوگوں کو ٹریس کر کے ٹیسٹ جاری رکھنے چاہیئیں، یہ ایک نئی بیماری ہے ہمیں اس کے بارے میں مکمل آگاہی ضروری ہے۔

انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ موجودہ صورت حال میں ایسے مقام پر جانے سے گریز کریں جہاں رش ہو اور اگر بیمار ہیں تو اپنے اہلخانہ سے فوری طور پر دور ہوجائیں اور ایک الگ کمرے میں چلے جائیں اور فوری ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’کوورنا وائرس کا علاج تلاش کررہے ہیں، عوام بخار اور زکام کے لیے پیراسٹامول کا استعمال کرسکتے ہیں‘۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں