غزہ: پاکستان کا سفر کرنیوالے 2 فلسطینی کورونا وائرس سے متاثر

اپ ڈیٹ 23 مارچ 2020
سویلین گروپ الشجائیہ نے غزہ کی سڑکوں کی جراثیم کش اسپرے سے صفائی کی—تصویر: اے ایف پی
سویلین گروپ الشجائیہ نے غزہ کی سڑکوں کی جراثیم کش اسپرے سے صفائی کی—تصویر: اے ایف پی

فلسطین کی مغربی پٹی پر غزہ کے علاقے میں حکام نے نوول کورونا وائرس کے پہلے 2 کیسز کی تصدیق کردی۔

حکام کے مطابق 2 فلسطینی شہری اس وائرس سے متاثر ہوئے جنہوں نے حال ہی میں پاکستان کا سفر کیا تھا اور واپس لوٹنے پر انہیں قرنطینہ میں رکھا گیا تھا۔

خیال رہے کہ اقوامِ متحدہ نے خبردار کیا تھا کہ 2007 سے اسرائیلی ناکہ بندی سے محصور ساحلی علاقے غزہ میں غربت کی بلند شرح اور کمزور نظام صحت کے باعث اس وائرس کا پھیلاؤ تباہ کن ہوسکتا ہے۔

اس ضمن میں غزہ کے سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ وائرس کیسز کی تصدیق کے بعد عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کا وفد صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے غزہ پہنچا۔

یہ بھی پڑھیں: چین، اٹلی کے بعد امریکا کورونا وائرس سے متاثرہ تیسرا بڑا ملک قرار

دوسری جانب غزہ کی وزارت صحت نے کہا کہ جن 2 افراد میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا انہیں پاکستان سے واپس آنے کے بعد سے قرنطینہ میں رکھا گیا ہے اور اس دوران ان کا زیادہ عوام سے رابطہ نہیں ہوا۔

ڈپٹی سیکریٹری صحت یوسف ابو الرشید نے کہا کہ ’دونوں کیسز ان افراد میں ریکارڈ ہوئے جو غزہ واپس آئے تھے اور ان کا غزہ کی پٹی کے کسی رہائشی کے ساتھ رابطہ نہیں ہوا‘۔

وزارت صحت نے یہ بھی بتایا کہ وائرس سے متاثر ہونے والے دونوں مریض مرد ہیں جن کی حالت بہتر ہے۔

واضح رہے کہ 2007 میں جب حماس نے اس خطے کا کنٹرول سنبھالا تھا تو اسرائیل نے اس خطے کی ناکہ بندی کر کے محصور کردیا تھا۔

خیال رہے کہ حماس کو زیادہ تر مغربی ممالک دہشت گرد تنظیم سمجھتے ہیں اور اسرائیل زور دیتا ہے کہ یہ اقدامات حماس کو تنہا کرنے کے لیے ضروری ہیں، اسرائیل اور حماس 2008 سے لے کر اب تک 3 جنگیں لڑ چکے ہیں۔

مزید پڑھیں: اٹلی، اسپین میں کورونا سے مزید اموات، دنیا بھر میں 14ہزار سے زائد افراد ہلاک

خطے میں آمدو رفت پر پہلے ہی اسرائیل اور مصر کی جانب سے سخت پابندیاں عائد ہیں اور انہیں کورونا وائرس کے خطرے کی وجہ سے مزید سخت کردیا گیا۔

غزہ میں حکام کا کہنا تھا کہ 2 ہزار 700 سے زائد فلسطینی گھروں میں تنہائی میں ہیں ان میں اکثریت ان افراد کی ہے جو مصر سے واپس آئے ہیں۔

اس سلسلے میں کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز سامنے آنے کے بعد سویلین گروپ الشجائیہ نے غزہ کی سڑکوں کی جراثیم کش اسپرے سے صفائی کی۔

ان کوششوں میں معاونت کرنے والے احمد الودیا کا کہنا تھا کہ ’ہم غزہ کی پٹی میں 40 برسوں سے محصور ہیں اور (ہمارے تحفظ کے) امکانات بہت محدود ہیں‘۔


یہ خبر 23 مارچ 2020 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

تبصرے (0) بند ہیں