کورونا وائرس: شاہی حیثیت چھوڑنے والے شہزادہ ہیری کینیڈا سے امریکا منتقل

اپ ڈیٹ 30 مارچ 2020
شہزادہ ہیری نے 10 مارچ کو باضابطہ طور پر شاہی حیثیت سے علیحدگی اختیار کی تھی—فائل فوٹو: اے پی
شہزادہ ہیری نے 10 مارچ کو باضابطہ طور پر شاہی حیثیت سے علیحدگی اختیار کی تھی—فائل فوٹو: اے پی

رواں برس کے آغاز میں شاہی حیثیت سے دستبرداری کا اعلان کرنے والے شہزادہ ہیری اپنی اہلیہ میگھن مارکل اور بیٹے آرچی کے ہمراہ کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے دنوں میں کینیڈا سے امریکا منتقل ہوگئے۔

شہزادہ ہیری نے جنوری 2020 میں اچانک شاہی حیثیت چھوڑنے کا اعلان کرکے دنیا کو حیران کردیا تھا اور بعد ازاں ملکہ برطانیہ اور شاہی خاندان کے دیگر افراد نے بھی انہیں ایسا کرنے کی اجازت دی تھی، جس کے بعد مارچ کے آغاز میں انہوں نے باضابطہ طور پر شاہی حیثیت چھوڑ دی تھی۔

شاہی حیثیت چھوڑنے سے قبل ہی شہزادہ ہیری اپنی اہلیہ اور بچے کے ساتھ کینیڈا منتقل ہوگئے تھے اور جوڑے نے پہلے ہی اعلان کر رکھا تھا کہ وہ امریکا اور برطانیہ کے درمیان ہی بقیہ زندگی گزاریں گے۔

شاہی حیثیت چھوڑے جانے اور کینیڈا منتقل ہونے کے فوری بعد ہی شہزادہ ہیری اور ان کے اہل خانہ کے سیکیورٹی اخراجات کا مسئلہ اٹھ کھڑا ہوا تھا اور کینیڈین حکومت نے پہلے ہی واضح کردیا تھا کہ وہ شاہی جوڑے کے اخراجات برداشت نہیں کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کی شاہی حیثیت سے باضابطہ علیحدگی

کینیڈین حکومت کی جانب سے سیکیورٹی اخراجات نہ اٹھانے کے اعلان کے بعد اب اطلاعات ہیں کہ شہزادہ ہیری اپنے اہل خانہ سمیت امریکا منتقل ہوگئے ہیں، جہاں وہ اپنی اہلیہ کے ذاتی مکان میں رہائش پذیر ہیں۔

شاہی جوڑے نے رواں ماہ آخری بار شاہی حیثیت میں شاہی محل کی تقریبات میں شرکت کی تھی—فوٹو: رائٹرز
شاہی جوڑے نے رواں ماہ آخری بار شاہی حیثیت میں شاہی محل کی تقریبات میں شرکت کی تھی—فوٹو: رائٹرز

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے دنوں میں شہزادہ ہیری اپنے اہل خانہ سمیت کینیڈا سے امریکا منتقل ہوچکے ہیں۔

رپورٹ میں امریکی میڈیا رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ شاہی جوڑا گزشتہ ہفتے امریکا منتقل ہوا اور ابتدائی طور پر شاہی جوڑا میگھن مارکل کے والدین کے گھر میں ہی رہ رہا ہے جو میگھن مارکل کی ذاتی ملکیت ہے۔

شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کے امریکا منتقل ہوتے ہی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ان کے سیکیورٹی اخراجات برداشت کرنے سے واضح طور پر انکار کردیا اور کہا کہ ملکہ برطانیہ سے ان کے اچھے تعلقات ہیں مگر وہ شاہی جوڑے کے اخراجات برداشت نہیں کریں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ایک ٹوئٹ میں واضح کیا کہ شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل جنہوں نے کینیڈا میں مکمل سکونت اختیار کر رکھی تھی اب وہ امریکا منتقل ہوچکے ہیں مگر وہ یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ امریکی حکومت شاہی جوڑے کے سیکیورٹی اخراجات برداشت نہیں کرے گی۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ اگرچہ ملکہ برطانیہ اور برطانوی حکومت سے ان کے اچھے تعلقات ہیں تاہم پھر بھی وہ شہزادہ ہیری اور ان کے اہل خانہ کے سیکیورٹی اخراجات برداشت نہیں کریں گے۔

اسی حوالے سے بی بی سی کے مطابق شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کے ترجمان نے بتایا کہ شاہی جوڑا امریکی حکومت سے سیکیورٹی مانگنے کا خواہاں نہیں۔

جوڑے کے ترجمان کے مطابق میگھن مارکل اور شہزادہ ہیری اپنے ذاتی اخراجات پر سیکیورٹی کا بندوبست کریں گے اور ان کا امریکی حکومت سے سیکیورٹی مانگنے کا کوئی ارادہ نہیں۔

شاہی جوڑا امریکا میں ایک ایسے وقت میں منتقل ہوا ہے جب امریکا میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور وہاں مریضوں کی تعداد دنیا میں سب سے زیادہ ہے۔

امریکا میں 30 مارچ کی صبح تک کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر ** ایک لاکھ 23 ہزار سے زائد** ہوچکی تھی جب کہ وہاں ہلاکتوں کی تعداد بھی 2200 سے زائد ہو چکی تھی۔

امریکا کے مقابلے میں کینیڈا میں کورونا وائرس کی شدت کم ہے جب کہ برطانیہ میں بھی امریکا کے مقابلے کورونا کے مریض کم ہیں تاہم اس باوجود شاہی جوڑا امریکا منتقل ہوچکا ہے جس پر کئی لوگوں نے حیرانی کا اظہار بھی کیا ہے۔

اب خبریں ہیں کہ میگھن مارکل فلموں میں کام کرتی دکھائی دیں گی—فوٹو: انسٹاگرام
اب خبریں ہیں کہ میگھن مارکل فلموں میں کام کرتی دکھائی دیں گی—فوٹو: انسٹاگرام

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Shahzad Akbar Shaikh Mar 30, 2020 04:01pm
I agree with Trump. Why should USA pay for their security