عمران خان اگر آپ کو ہماری ضرورت ہے تو ہم حاضر ہیں، عاطف اسلم

اپ ڈیٹ 31 مارچ 2020
نامور گلوکار عاطف اسلم ، فوٹو: انسٹاگرام
نامور گلوکار عاطف اسلم ، فوٹو: انسٹاگرام

پاکستان کے نامور گلوکار عاطف اسلم نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو جاری کردی جس میں انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔

عاطف اسلم نے اپنے انسٹاگرام پر شیئر کردہ اس ویڈیو میں کہا کہ ’میں صرف وزیر اعظم عمران خان کی تعریف کرنا چاہتا ہوں، وہ جس طرح اس عالمی وبا سے نمٹ رہے ہیں وہ قابل تعریف ہے‘۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

انہوں نے لوگوں کو پیغام دیا کہ جو اس طرح جس کی بھی اس مشکل وقت میں مدد کرسکتا ہے وہ ضرور کرے۔

عاطف اسلم نے مزید کہا کہ ’اللہ پاک ہمیں ہمت دے کہ ہم اس مشکل وقت سے نکل سکیں‘۔

گلوکار نے کہا کہ ’عمران خان اس مشکل وقت میں ہم سب آپ کے ساتھ ہیں اور اگر آپ کو ہماری کسی قسم کی مدد کی ضرورت ہو تو اس کے لیے بھی ہم بالکل تیار ہیں‘۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: کراچی میں مزید 2 افراد کا انتقال، ملک میں مجموعی اموات 21 ہوگئیں

خیال رہے کہ دنیا بھر میں ہزاروں اموات کا سبب بننے والے نوول کورونا وائرس سے پاکستان میں بھی اموات اور نئے کیسز آنے کا سلسلہ نہ رک سکا اور ملک میں متاثرین کی تعداد 1600 سے تجاوز کرگئی جبکہ آج مزید 4 اموات کے بعد اب تک 21 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔

کورونا وائرس ہے کیا؟

کورونا وائرس ایک عام وائرل ہونے والا وائرس ہے جو عام طور پر ایسے جانوروں کو متاثر کرتا ہے جو بچوں کو دودھ پلاتے ہیں تاہم یہ وائرس سمندری مخلوق سمیت انسانوں کو بھی متاثر کرتا ہے۔

اس وائرس میں مبتلا انسان کا نظام تنفس متاثر ہوتا ہے اور اسے سانس میں تکلیف سمیت گلے میں سوزش و خراش بھی ہوتی ہے اور اس وائرس کی علامات عام نزلہ و زکام یا گلے کی خارش جیسی بیماریوں سے الگ ہوتی ہیں۔

کورونا وائرس کی علامات میں ناک بند ہونا، سردرد، کھانسی، گلے کی سوجن اور بخار شامل ہیں اور چین کے مرکزی وزیر صحت کے مطابق 'اس وبا کے پھیلنے کی رفتار بہت تیز ہے، میں خوفزدہ ہوں کہ یہ سلسلہ کچھ عرصے تک برقرار رہ سکتا ہے اور کیسز کی تعداد میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے'۔

وائرس کے ایک سے دوسرے انسان میں منتقل ہونے کی تصدیق ہونے کے بعد چین کے کئی شہروں میں عوامی مقامات اور سینما گھروں سمیت دیگر اہم سیاحتی مقامات کو بھی بند کردیا گیا تھا جب کہ شہریوں کو سخت تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

اس کے علاوہ متعدد شہروں کو قرنطینہ میں تبدیل کرتے ہوئے عوام کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی تھی اور نئے قمری سال کی تعطیلات میں اضافہ کر کے تعلیمی اداروں اور دیگر دفاتر کو بند رکھا گیا تھا۔

واضح رہے کسی کورونا وائرس کا شکار ہونے پر فلو یا نمونیا جیسی علامات سامنے آتی ہیں جبکہ اس کی نئی قسم کا اب تک کوئی ٹھوس علاج موجود نہیں مگر احتیاطی تدابیر اور دیگر ادویات کی مدد سے اسے کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں