کورونا وائرس کے تیزی سے بڑھتے کیسز پر عالمی ادارہ صحت کا اظہار تشویش

اپ ڈیٹ 03 اپريل 2020
عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈہانوم نے کورونا سے بڑھتے ہوئے کیسز اور ہلاکتوں پر تشویش کا اظہار کیا— فائل فوٹو: اے ایف پی
عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈہانوم نے کورونا سے بڑھتے ہوئے کیسز اور ہلاکتوں پر تشویش کا اظہار کیا— فائل فوٹو: اے ایف پی

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 10 لاکھ کے قریب پہنچنے اور ہلاکتوں میں تیزی سے اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈہانوم نے آن لائن پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تیزی سے بڑھتے ہوئے کیسز اور دنیا بھر میں کورونا وائرس کے سبب ہلاکتوں پر مجھے شدید تشویش لاحق ہے۔

مزید پڑھیں: مکہ اور مدینہ میں 24 گھنٹے کے لیے کرفیو نافذ

ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں بڑھنے والے کیسز ہر گزرتے دن کے ساتھ دوگنا ہوتے جا رہے ہیں اور گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں دوگنا سے زیادہ ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے دنیا بھر کے عوام سے درخواست کی کہ وہ اس وائرس کے خلاف مل کر لڑیں اور حکومتوں کا ساتھ دیں۔

ٹیڈروس ایڈہانوم نے اعلان کیا کہ عالمی ادارہ صحت موجودہ بحرانی صورتحال میں عالمی بینک اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے تاکہ ترقی پذیر ممالک کو اس خطرناک وائرس کے سماجی اور معاشی اثرات سے بچایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے ’کورونا وائرس فری‘ علاقے کے بارے میں جانتے ہیں؟

یاد رہے کہ ایک دن قبل اقوام متحدہ نے بھی اسی طرح کے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے جنگ عظیم دوئم کے بعد دنیا کا سب سے بڑا بحران قرار دیا تھا۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا تھا کہ اس وائرس سے ناصرف دنیا بھر کے عوام بلکہ عالمی معیشت کو بھی شدید خطرات لاحق ہیں۔

یاد رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 9 لاکھ 81 ہزار ہو چکی ہے جبکہ وائرس سے اب تک 50 ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: پنجاب میں ایک ہزار بستر کا ہسپتال 9 دن میں مکمل

گزشتہ سال چین کے شہر ووہان سے جنم لینے والے اس وائرس سے دنیا بھر میں تباہی کا سلسلہ جاری اور اب دنیا کے محض 40 ممالک اور خطے ہی اس وائرس کی تباہ کاریوں سے محفوظ ہیں۔

چین میں 3 ہزار سے زائد ہلاکتوں کے بعد اس وائرس کے سبب مشرق، یورپ اور امریکا میں ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے اور خصوصاً یورپ میں اب تک وائرس سے 25 ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: اسلامی نظریاتی کونسل نے حکومتی اقدامات کی حمایت کردی

اب تک سب سے زیادہ ہلاکتیں اٹلی میں ہوئی ہیں جہاں 13ہزار 915 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ اسپین میں بھی ہلاکتوں کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

دنیا بھر میں سب سے زیادہ بڑی تعداد میں لوگ امریکا میں متاثر ہوئے ہیں جہاں 2 لاکھ 26 ہزار میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ مرنے والوں کی تعداد 5 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں