• KHI: Fajr 5:04am Sunrise 6:20am
  • LHR: Fajr 4:29am Sunrise 5:50am
  • ISB: Fajr 4:32am Sunrise 5:55am
  • KHI: Fajr 5:04am Sunrise 6:20am
  • LHR: Fajr 4:29am Sunrise 5:50am
  • ISB: Fajr 4:32am Sunrise 5:55am

پالپا اور پی آئی اے انتظامیہ کے درمیان مذاکرات کامیاب، معاہدے پر دستخط

شائع April 7, 2020
پالپا کے وفد نے سیکریٹری ایوی ایشن ڈویژن سے بھی ملاقات کی — فائل فوٹو / اے ایف پی
پالپا کے وفد نے سیکریٹری ایوی ایشن ڈویژن سے بھی ملاقات کی — فائل فوٹو / اے ایف پی

پاکستان ایئرلائن پائلٹس ایسوسی ایشن (پالپا) اور پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کی انتظامیہ کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے جس کے بعد پائلٹس قومی ایئر لائن کی تمام شیڈول اور خصوصی پروازیں اڑانے کے پابند ہوں گے۔

پائلٹس کی تنظیم پالپا اور پی آئی اے انتظامیہ کے درمیان مذاکرات جاری تھے جو کامیاب ہوگئے اور پی آئی اے انتظامیہ اور پالپا کے نائب صدر نے معاہدے پر دستخط کردیے۔

معاہدے کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ تمام حفاظتی سامان فراہم کرنے کی پابند ہوگی جبکہ پائلٹس قومی ایئر لائن کی تمام شیڈول اور خصوصی پروازوں کو اڑانے کے پابند ہوں گے۔

معاہدے میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی پائلٹ کورونا وائرس کی وجہ سے طیارہ اڑانے سے انکار کرتا ہے تو اسے تحریری طور پر آگاہ کرنا ہوگا۔

پالپا کے وفد نے سیکریٹری ایوی ایشن ڈویژن سے بھی ملاقات کی جس میں ایوی ایشن کے سینئر حکام اور پی آئی اے حکام نے بھی شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کا فضائی آپریشن معطل، پائلٹس کا جہاز اڑانے سے انکار

ترجمان ایوی ایشن نے کہا کہ پالپا وفد نے سیکریٹری کو کاک پٹ اور کیبن کرو کے خدشات سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ سیکریٹری ایوی ایشن نے وفد کو کیبن کرو کے لیے حفاظتی اقدامات کی یقین دہانی کرادی جبکہ پالپا وفد نے بھی محصور مسافروں کو لانے کے لیے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

واضح رہے کہ دو روز قبل پائلٹس کی تنظیم نے کورونا وائرس کے حوالے سے حفاظتی اقدامات پر سمجھوتہ نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے تمام اراکین کو اگلے حکم تک جہاز نہ اڑانے کی ہدایت کردی تھی۔

پالپا کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ 'ہمارے علم میں آیا ہے کہ حالیہ پروازوں میں حفاظتی اقدامات پر سمجھوتہ کیا گیا'۔

ان کا کہنا تھا کہ ان پروازوں میں 'کووڈ-19 (کورونا وائرس) سے متعلق قواعد بھی نظر انداز کیے گئے'۔

اپنے بیان میں پائلٹس کی تنظیم نے کہا تھا کہ 'پالپا اپنے اراکین کی سلامتی کے حوالے سے کسی صورت سمجھوتہ نہیں کرے گی'۔

مزید پڑھیں: حکومت کا 4 اپریل سے پی آئی اے کی خصوصی پروازیں شروع کرنے کا اعلان

چند روز قبل حکومت نے پی آئی اے کی بین الاقوامی پروازیں جزوی طور پر بحال کرنے اور اندرون ملک پروازوں کو بدستور معطل رکھنے کا اعلان کیا تھا۔

کورونا وائرس کے حوالے سے رابطہ کمیٹی کے چھٹے اجلاس کے بعد وزیر منصوبہ بندی و خصوصی اقدامات اسد عمر نے معاونین خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا اور معید یوسف کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے حکومت نے خصوصی پروازوں کی اجازت دے دی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 20 ستمبر 2024
کارٹون : 19 ستمبر 2024