کراچی کے شہریوں کیلئے چہرے پر ماسک پہننا لازمی قرار

اپ ڈیٹ 18 اپريل 2020
کام کی جگہ کو صاف ستھرا اور وہاں کثرت سے جراثیم کش اسپرے کیا جائے گا، کمشنر کراچی — فائل فوٹو / رائٹرز
کام کی جگہ کو صاف ستھرا اور وہاں کثرت سے جراثیم کش اسپرے کیا جائے گا، کمشنر کراچی — فائل فوٹو / رائٹرز

کمشنر کراچی نے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے گھروں سے نکلنے والے ہر شخس کے لیے چہرے پر ماسک پہننے کو لازمی قرار دے دیا۔

کمشنر کراچی افتخار شلوانی کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق 'ضرورت کے تحت گھروں سے نکلنے والوں اور جنہیں لاک ڈاؤن سے استثنیٰ حاصل انہیں اب سے گھروں سے نکلنے پر لازمی طور پر ماسک پہننا ہوگا۔'

کمشنر نے کہا کہ ضرورت کے تحت اور ہر سرگرمی کے بعد ہاتھوں کو صابن سے دھونا یا سینیٹائزر استعمال کرنے کو یقینی بنایا جائے گا۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ کام کی جگہ پر داخل ہونے سے قبل ہر ملازم/رکن کا معائنہ کیا جائے گا اور اگر کسی میں نزلہ، کھانسی یا بخار کی علامات پائی گئیں تو انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ کام کی جگہ کو صاف ستھرا اور وہاں کثرت سے جراثیم کش اسپرے کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: کراچی کی 11 یو سیز کو مکمل سیل کرنے کا حکم، نوٹی فکیشن جاری

قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی کے سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں کو مکمل طور پر بند کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ شہر میں رپورٹ ہونے والے اکثر کیسز کچی آبادیوں سے ہیں۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کے باعث کراچی سمیت سندھ بھر میں 23 مارچ سے لاک ڈاؤن نافذ ہے جس کے تحت کئی پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔

لاک ڈاؤن کے تحت لوگوں کے بلاضرورت گھروں سے نکلنے کے ساتھ ساتھ مساجد میں باجماعت نمازوں پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔

دوسری جانب کئی ماہرین بھی کورونا سے بچاؤ کے لیے زیادہ سے زیادہ سماجی فاصلہ رکھنے اور کثرت سے ہاتھ دھونے کو فائدہ مند قرار دے چکے ہیں۔

مزید پڑھیں: وزیراعلیٰ سندھ کا 10 ہزار بستروں کے فیلڈ ہسپتالوں کے قیام کا فیصلہ

خیال رہے کہ دنیا بھر میں لاکھوں افراد کو متاثر و ہلاک کرنے والے مہلک نوول کورونا وائرس کا پاکستان میں بھی پھیلاؤ بڑھ رہا ہے اور روز نئے کیسز اور اموات سامنے آرہی ہیں۔

آج آنے والے نئے کیسز کے بعد ملک میں متاثرین کی مجموعی تعداد 7 ہزار 392 ہوگئی جبکہ اموات 138 تک پہنچ گئی ہیں۔

گزشتہ 2 روز سے ملک میں اموات کی شرح میں اچانک بہت زیادہ اضافہ دیکھا گیا ہے اور ایک روز میں 17 اموات تک ریکارڈ کی گئی ہیں، جو پاکستان میں کورونا وائرس سے ایک روز مرنے والوں کی ریکارڈ تعداد ہے۔

اسی طرح کیسز میں بھی اضافہ ہوا ہے جس کی ایک وجہ ٹیسٹ میں اضافے کو بھی بتایا جارہا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں