عمران خان، ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ، وائرس سے متعلق امور پر تبادلہ خیال

اپ ڈیٹ 22 اپريل 2020
وزیراعظم عمران خان نے وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے پاکستان کی کوششوں پر روشنی ڈالی — فائل فوٹو: اے ایف پی
وزیراعظم عمران خان نے وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے پاکستان کی کوششوں پر روشنی ڈالی — فائل فوٹو: اے ایف پی

وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ہونے والی ٹیلی فونک بات چیت میں کورونا وائرس سے وابستہ چیلنجز، عالمی معیشت پر اس کے اثرات اور ان پر قابو پانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

علاوہ ازیں پاکستان اور امریکا کے سربراہان مملکت نے ٹیلی فون پر علاقائی امور سمیت پاکستان اور امریکا کے مابین دوطرفہ تعلقات میں مضوط روابط کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ٹرمپ کی ملاقات، مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے امریکا میں وائرس سے ہلاک ہونے والی قیمتی جانوں کے ضیاع پر ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

اس ضمن میں وزیر اعظم عمران خان نے وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے پاکستان کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو وبائی بیماری پر قابو پانے اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے لوگوں کو خصوصاً آبادی کے سب سے کمزور طبقات کو بھوک سے بچانے کے دوہرے چیلنجز کا سامنا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت نے متاثرہ لوگوں اور کاروباری اداروں کی مدد کے لیے 8 ارب ڈالر کے امدادی پیکج کا اعلان کیا ہے۔

مزید پڑھیں: وزیرِِاعظم عمران خان نے دورہ امریکا سے کیا کچھ حاصل کیا؟

وزیراعظم عمران خان نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) اور دیگر حلقوں میں امریکی حمایت کے لیے ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پاکستان کو ضروری مالیاتی جگہ مہیا ہوگی اور وائرس کے اثرات کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے بتایا کہ ترقی پذیر ممالک کے لیے ’قرض سے متعلق امداد پر عالمی اقدام‘ کا مطالبہ اسی تناظر میں ہے۔

علاقائی تناظر میں وزیر اعظم عمران خان نے پرامن اور مستحکم افغانستان کے لیے پاکستان کی مستقل حمایت اور سیاسی تصفیے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

وزیر اعظم عمران خان نے افغان امن عمل کی سہولت کے لیے پاکستان کی حمایت کی تصدیق کی اور اگلے اقدامات کی اہمیت پر زور دیا جس کے نتیجے میں جلد از جلد انٹرا افغان مذاکرات کا آغاز ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم عمران خان، سعودی عرب اور ایران کے درمیان ثالث بن گئے

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیر اعظم عمران خان کی ٹیلی فون کال اور وائرس سے نمٹنے کے لیے امریکی کوششوں کی حمایت کے اظہار کی تعریف کی۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وائرس کا مقابلہ کرنے کی کوششوں میں پاکستان کو امریکی امداد کا بھی یقین دلایا جس میں وینٹیلیٹرز کی دستیابی کے ساتھ معاشی میدان میں امداد شامل ہے۔

وزیراعظم عمران خان کے وائرس سے متعلق طبی ٹیسٹ کے بارے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے طبی نتائج کے لیے جدید ترین تیز رفتار ٹیسٹنگ مشین وزیر اعظم کو بھیجنے کی پیش کش کی۔

جس پر وزیر اعظم عمران خان نے ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا۔

پاکستان اور امریکا میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے مزید کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرین کی تعداد 10 ہزار 136 ہوگئی جبکہ 212 افراد وائرس کے باعث انتقال کرچکے ہیں۔

واضح رہے ملک میں 26 فروری کو پہلا کیس سامنے آیا اور 31 مارچ تک تعداد تقریباً 2 ہزار تک پہنچی تاہم یکم اپریل سے لے کر اب تک اس تعداد میں 7 ہزار سے زائد مریضوں کا اضافہ ہوا۔

اسی تناظر میں امریکا کے حوالے سے بات کی جائے تو امریکا میں اب تک 8 ہزار 29 ہزار سے زائد افراد وائرس سے متاثر جبکہ 46 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں