امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر اور ڈیموکریٹس کی سینئر رہنما نینسی پلوسی نے جو بائیڈن کی ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف صدارتی امیدوار کے طور پر توثیق کردی۔

غیر ملکی خبر ایجنسی 'اے ایف پی' کی رپورٹ کے مطابق جو بائیڈن صدارتی امیدوار کے لیے ڈیموکریٹس کے آخری سینئر رہنما نینسی پلوسی کی توثیق حاصل کرنے میں بھی کامیاب ہوگئے ہیں۔

امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نے کہا کہ جو بائیڈن، امریکا کو کورونا وائرس کے بحران سے نکالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

مزید پڑھیں:برنی سینڈرز امریکی صدارتی امیدوار کی دوڑ سے دستبردار

خیال رہے کہ نینسی پلوسی نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخاب کے لیے ڈیموکریٹس کی جانب سے جو بائیڈن کی حمایت کرنے والی آخری سنیئر رہنما ہیں۔

انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ 'آج مجھے فخر ہے کہ جو بائیڈن کی امریکا کے صدر کے طور پر توثیق کر رہی ہوں کیونکہ وہ ایک غیر معمولی صدر ہوں گے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'جیسا ہم اس وقت کورونا وائرس کا سامنا کر رہے ہیں جس کے لیے جو بائیڈن امید کی ایک آواز ہیں اور اس بحران میں صحیح سمت کی جانب ہماری رہنمائی کی اہلیت رکھتے ہیں'۔

سابق صدر براک اوباما کے نائب صدر کے طور پر فرائض انجام دینے والے جو بائیڈن، کورونا وائرس کے باعث امریکا کی ریاستوں میں لاک ڈاؤن سے قبل ہی ڈیموکریٹس کے مضبوط امیدوار کے طور پر ابھرے تھے۔

ڈیموکریٹس کے اندر جو بائیڈن کے سخت حریف سینیٹر برنی سینڈرز تھے تاہم انہوں نے دوڑ سے کنارہ کش ہو کر جو بائیڈن کی حمایت کا اعلان کردیا تھا، اسی طرح انہوں نے اوباما کی بھی توثیق کی تھی۔

نینسی پلوسی کا کہنا تھا کہ سابق سینیٹر باہمت اور حوصلہ مند رہنما ہیں جنہیں سائنس کے میدان میں مہارت ہے اور رہنما کے طور پر کردار ادا کرنے کا اعتماد بھی رکھتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:امریکی صدارتی امیدوار جوبائیڈن پر سینیٹ کی سابق ملازمہ کا جنسی زیادتی کا الزام

یاد رہے کہ 9 اپریل کو ڈیموکریٹس کے مضبوط امیدوار سمجھے جانے والے برنی سینڈرز نے دستبردار ہونے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد جو بائیڈن کے لیے راستہ صاف ہوگیا تھا۔

جو بائیڈن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان میں برنی سینڈرز کے فیصلے کی تعریف کرتے ہوئے ووٹرز پر زور دیا تھا کہ وہ سینڈرز کو ان کی مہم میں شامل ہونے کے لیے تیار کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ 'میں نے آپ دیکھا، سنا اور میں اس ملک کے لیے کیا کرنا ہے وہ سمجھتا ہوں'۔

سینڈرز کے فیصلے پر ردعمل میں انہیں مخاطب کرتے ہوئے جو بائیڈن نے کہا تھا کہ 'مجھے امید ہے کہ آپ میرا ساتھ دیں گے، آپ کو خوش آمدید کہا جائے گا کیونکہ آپ کی ضرورت ہے'۔

بعد ازاں برنی سینڈرز نے جو بائیڈن کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں