بولی وڈ اداکار عرفان خان انتقال کرگئے

اپ ڈیٹ 29 اپريل 2020
بھارتی اداکار عرفان خان، فوٹو: یوٹیوب اسکرین شاٹ
بھارتی اداکار عرفان خان، فوٹو: یوٹیوب اسکرین شاٹ

بولی وڈ کے جانے مانے اداکار عرفان خان 53 سال کی عمر میں انتقال کرگئے، ان کے اچانک انتقال کی خبر نے مداحوں کو حیران اور افسردہ کردیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عرفان خان کو منگل کے روز ممبئی کے ایک ہسپتال میں اس وقت داخل کروایا گیا جب ان کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اداکار کو بڑی آنت کا انفیکشن ہوا تھا جس کے علاج کے لیے وہ ہسپتال میں داخل ہوئے۔

اداکار کے انتقال کی خبر ان کے قریبی دوست اور ہدایت کار شوجت سرکار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر دی۔

شوجت سرکار نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’میرے پیارے دوست، تم خوب لڑے، مجھے ہمیشہ تم پر فخر رہے گا، ہم دوبارہ ضرور ملیں گے‘۔

انہوں نے عرفان خان کے گھر والوں سے بھی تعزیت کا اظہار کیا۔

یاد رہے کہ عرفان خان کو مارچ 2018 میں نیورو اینڈو کرائن کا مرض لاحق ہوگیا تھا اور وہ علاج کے لیے بھارت سے برطانیہ منتقل ہوگئے تھے۔

اس وقت عرفان خان نے سوشل میڈیا پر بتایا تھا کہ وہ گزشتہ کئی روز سے طبیعت میں خرابی محسوس کر رہے تھے اور انہیں ابتدائی طور پر معلوم ہوا تھا کہ وہ کسی خطرناک یا موذی مرض میں مبتلا ہیں۔

تاہم انہوں نے واضح کردیا تھا کہ ابھی مکمل طور پر اس بات کا علم نہیں ہوا تھا کہ انہیں کون سی بیماری لاحق ہے اور وہ کس اسٹیج پر پہنچ چکی ہے۔

یاد رہے کہ 2019 میں وہ صحتیاب ہوکر بھارت واپس آئے تھے اور اس کے بعد ان کی فلم ’انگریزی میڈیم‘ بھی ریلیز ہوئی تھی جو کامیاب ثابت ہوئی تھی۔

چند روز قبل عرفان خان کی والدہ کا بھی بھارتی شہر جےپور میں انتقال ہوگیا تھا اور خبریں تھیں کہ عرفان لاک ڈاؤن کی وجہ سے اپنی والدہ کے جنازے میں شریک نہیں ہوپائے تھے۔

عرفان خان نے ٹیلی ویژن اور تھیٹر سے کیریئر کا آغاز کیا، بعدازاں وہ 1988 کی فلم ’سلام بومبے‘ میں مختصر کردار کے لیے جلوہ گر ہوئے اور یہی سے ان کے فلمی کیریئر کا آغاز ہوا۔

وہ اپنے کیریئر میں ’حاصل’، ’مقبول‘، ’لائف ان اے میٹرو‘، ’دی لنچ باکس‘، ’حیدر‘، ’پیکو‘، ’تلوار‘ اور ’ہندی میڈیم‘ جیسی کامیاب فلموں میں جلوہ گر ہوئے۔

انہوں نے اپنے کیریئر میں بھارتی نیشنل ایوارڈ اور فلم فیئر ایوارڈ جیسے اعزازات بھی حاصل کیے۔

ان کی آخری فلم ’انگریزی میڈیم‘ رواں سال ریلیز ہوئی تھی جس میں تجزیہ کاروں اور مداحوں نے عرفان خان کے کام کو خوب سراہا۔

عرفان خان بولی وڈ کے ساتھ ساتھ ہولی وڈ فلموں میں بھی جلوہ گر ہوئے، انہوں نے ’سلم ڈاگ ملینیئر‘، ’لائف آف پائے‘، ’دی امیزنگ اسپائے ڈر مین‘ اور ’جریسک ورلڈ‘ جیسی نامور ہولی وڈ فلموں میں کام کیا۔

اداکار کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے سوشل میڈیا پر اپنے غم اور دکھ کا اظہار کیا۔

نامور اداکار سلمان خان نے لکھا "فلم انڈسٹری کا بہت بڑا نقصان ، مداحوں اور خاص طور پر ان کے اہل خانہ کیلئے، اللہ عرفان خان کی مغفرت اور ان کے اہل خانہ کو ہمت عطا فرمائیں، بھائی تم ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہو گے"۔

امیتابھ بچن نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ عرفان خان سب کو بہت جلدی چھوڑ کر چلے گئے، وہ بےحد ٹیلنٹڈ اور بہترین ساتھی تھے۔

پریانکا چوپڑا نے بھی اپنی فلم ’7 خون معاف‘ کی ایک تصویر شیئر کی جس میں عرفان خان نے ان کے ساتھ کام کیا تھا۔

اداکار کرن کھیر کا کہنا تھا کہ انہیں عرفان خان کے انتقال کی خبر سن کر بےحد تکلیف پہنچی، وہ ایک بہترین اداکار تھے۔

ٹائیگر شیروف نے بھی اس خبر پر اپنے دکھ کا اظہار کیا۔

اداکارہ ہما قریشی نے لکھا کہ عرفان خان کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں