شارجہ میں کثیرالمنزلہ رہائشی عمارت میں آتشزدگی، 7 افراد زخمی

اپ ڈیٹ 06 مئ 2020
آتشزدگی سے عمارت سے شعلے بلند ہوتے دیکھے گئے—اسکرین شاٹ
آتشزدگی سے عمارت سے شعلے بلند ہوتے دیکھے گئے—اسکرین شاٹ

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست شارجہ میں ایک رہائشی عمارت میں آتشزدگی سے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق شارجہ کے سرکاری میڈیا دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ رہائشی عمارت میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا۔

واقعے کی تفصیل کے بارے میں یہ بتایا گیا کہ شارجہ کے علاقے النہدہ میں ایک ٹاور میں آگ لگنے سے 7 افراد کو معمولی زخم آئے۔

مزید پڑھیں: یو اے ای میں آتشزدگی سے جاں بحق 6 پاکستانیوں کی لاشیں پاکستان منتقل

ادھر سوشل میڈیا پر زیر گردش ویڈیوز میں ایک کثیرالمنزلہ عمارت سے آگ کے شعلے بلند ہوتے ہوئے دیکھے گئے جبکہ مقامی میڈیا کے مطابق یہ عمارت 48 منزلہ ابکو ٹاور تھی۔

تاہم رائٹرز کی جانب اس فوٹیج کی فوری طور پر تصدیق نہیں کی گئی۔

شارجہ میڈیا کے دفتر کا یہ بھی کہنا تھا کہ ٹاور کے رہائیشوں کو فوری طور نکال لیا گیا تاہم آگ لگنے کی وجہ کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔

یاد رہے کہ ایک سال قبل اپریل 2019 کے وسط میں متحدہ عرب امارات کے شہر العین میں ایک گھر میں بھی آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں 6 پاکستانی بھی جاں بحق ہوگئے تھے۔

آتشزدگی کا یہ واقعے العین کے علاقے زخیر میں ایک گھر میں پیش آیا تھا اور مرنے والوں میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد بھی شامل تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں