ٌپاکستان کی افغان امن عمل کی حمایت امن کیلئے سنجیدگی کا ثبوت ہے، آرمی چیف

اپ ڈیٹ 09 مئ 2020
آرمی چیف سے امریکی نمائندہ خصوصی نے ملاقات کی—فائل فوٹو: اے ایف پی
آرمی چیف سے امریکی نمائندہ خصوصی نے ملاقات کی—فائل فوٹو: اے ایف پی

اسلام آباد: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ افغان امن عمل میں پاکستان کی حمایت افغانستان میں امن کے لیے سنجیدگی کا ثبوت ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق آرمی چیف نے امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان امن عمل زلمے خلیل زاد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امن عمل کے لیے ہماری حمایت اس مقصد کے لیے ہماری خیر سگالی کا مظہر ہے۔

واضح رہے کہ زلمے خلیل زاد نے دوحہ میں طالبان رہنماؤں سے ملاقات کے بعد نئی دہلی میں بھارتی وزیر خارجہ سبھرامنیم جے شنکر اور بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت دیول سے ملاقات کے بعد پاکستان کا دورہ کیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی رہنماؤں نے افغانستان میں تشدد میں حالیہ اضافے کا الزام پاکستانی سرزمین پر دہشت گردوں کے مبینہ 'ٹھکانوں' پر عائد کیا اور ان کے خاتمے کا مطالبہ کیا تھا۔

خیال رہے کہ بھارت نے یہ الزامات مقبوضہ کشمیر میں پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے نئے الزامات کے تناظر میں لگائے تھے۔

تاہم پاکستان نے بھارت کے تمام الزامات کو مسترد کردیا تھا اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ بھارت سے مبینہ لانچ پیڈز اور لائن آف کنٹرول پر دراندازی کی کوشش کے شواہد مانگے۔

ادھر اس ملاقات سے متعلق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ زلمے خلیل زاد نے خطے کے امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مستقل کوششوں کو سراہا۔

مزید پڑھیں: آرمی چیف سے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کی ملاقات

واضح رہے کہ امریکی نمائندہ خصوصی کے نئی دہلی کے دورے کے باوجود بھارت بے چین ہے کیونکہ واشنگٹن میں افغانستان سے متعلق اس کے بیانیے کو تھوڑی پذیرائی ملی۔

یہاں یہ مدنظر رہے کہ پاکستان نے امریکا اور طالبان کے درمیان کے مذاکرات میں مدد کی تھی جو 19 برس کی جنگ کے بعد رواں برس فروری میں دوحہ میں تاریخی امن معاہدے پر دستخط کے ساتھ اختتام پذیر ہوئے تھے۔

معاہدے کے تحت طالبان نے جنگ بندی کے لیے افغان حکومت کے ساتھ مذاکرات پر اتفاق کیا تھا جبکہ معاہدے کے ذریعے افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا کا راستہ ہموار کرنے کی توقع تھی۔

تاہم گزشتہ چند ہفتوں میں طالبان نے افغان حکومت پر حملوں میں اضافہ کردیا ہے اور گزشتہ روز بارودی سرنگ کے حملے میں خوست کے پولیس چیف احمد بابازائی ہلاک ہوگئے تھے۔

زلمے خلیل زاد کا کہنا تھا کہ دوحہ میں طالبان کے سیاسی دفتر کے سربراہ سے طویل ملاقات میں انہوں نے عالمی برادری کے مطالبے کے تحت افغانستان میں کورونا وائرس سے نمٹنے میں بہتر تعاون کے لیے تشدد میں کمی اور جنگ بندی پر زور دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں دونوں فریقین کے درمیان قیدیوں کی رہائی کے تبادلے میں تیزی، امریکی شہری مارک فریریکس کی آزادی کو محفوظ بنانے کے اقدامات، امن عمل کے لیے علاقائی اور بین الاقوامی حمایت اور جلد از جلد بین الافغان مذاکرات ضروری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان: امن معاہدہ کے تحت 900 سے زائد طالبان قیدیوں کو رہا کیا جاچکا

خیال رہے کہ زلمے خلیل زاد طالبان قیادت سے مذاکرات کے لیے اسلام آباد سے واپس دوحہ جائیں گے۔

یاد رہے کہ امریکا اور طالبان کے درمیان 29 فروری کو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں امن معاہدہ ہوا تھا جس میں طے پایا تھا کہ افغان حکومت طالبان کے 5 ہزار قیدیوں کو رہا کرے گی جس کے بدلے میں طالبان، حکومت کے ایک ہزار قیدی رہا کریں گے۔

طالبان اور افغان حکومتی وفد کے درمیان مذاکرات میں اس وقت تعطل آیا تھا جب کابل کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ طالبان سرفہرست 15 کمانڈروں کی رہائی چاہتے ہیں۔

بعدازاں 9 اپریل کو طالبان کی جانب سے کابل کے ساتھ مذاکرات سے دستبردار ہونے کے اعلان کے ایک روز بعد ہی افغان حکومت نے کم خطرے والے 100 طالبان قیدیوں کو رہا کیا تھا اور اب تک افغان جیلوں سے 9 سو 33 طالبان قیدیوں کو رہا کیا جاچکا ہے۔

دوسری جانب افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بتایا تھا کہ بدلے میں کابل انتظامیہ کے ایک سو 32 قیدیوں کو رہا کیا گیا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں