کورونا کی نئی لہر کا خدشہ، دنیا میں کیسز کی تعداد 41 لاکھ سے زائد

اپ ڈیٹ 10 مئ 2020
ایران میں مزید51 افراد ہلاک ہوئے—فوٹو:اے ایف پی
ایران میں مزید51 افراد ہلاک ہوئے—فوٹو:اے ایف پی

جرمنی اور ایران میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں ایک مرتبہ پھر تیزی آگئی ہے جس کے بعد وائرس کی نئی لہر کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے جبکہ دنیا بھر میں اب تک کیسز کی تعداد 41 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔

کورونا وائرس کے دنیا بھر کے اعداد وشمار جاری کرنے والی ویب سائٹ ورلڈ میٹرز کے مطابق دنیا میں اب تک سامنے آنے والے کیسز کی تعداد 41 لاکھ 31 ہزار 34 ہوگئی ہے۔

دنیا میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد بھی 3 لاکھ کو چھونے لگی ہے اور اس وقت 2 لاکھ81 ہزار 14 ہلاکتوں کی تصدیق ہوچکی ہے۔

مزید پڑھیں:جرمنی، جنوبی کوریا میں نرمی کے بعد کورونا کیسز میں اضافے کی دوسری لہر

دنیا میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد صحت یاب ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 14 لاکھ 55 ہزار 11 ہے۔

روس میں مزید 11 ہزار سے زائد کیسز کا اضافہ

روس میں اس وقت کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں خطرناک انداز میں اضافہ ہورہا ہے جہاں ایک مرتبہ پھر 24 گھنٹوں میں 11 ہزار 102 کیسز کا اضافہ ہوا ہے۔

نئے کیسز کے بعد روس میں متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر 2 لاکھ 9 ہزار 688 ہوگئی ہے، اس طرح سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست رواس اس وقت پانچویں نمبر پر ہے۔

روس میں دیگر ممالک کے مقابلے میں اموات کی شرح کم ہے اور اب تک ایک ہزار 915 اموات کی تصدیق کی گئی ہے جس میں 88 مزید اموات بھی شامل ہیں۔

دوسری جانب یہاں صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 34 ہزار 206 ہے۔

ماسکو میں کورونا وائرس کے زیرعلاج مریضوں کے ہسپتال میں آگ لگنے سے بھی ایک شہری ہلاک ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیں:روس: وائرس سے متاثرہ مریضوں کے ہسپتال میں آگ لگنے سے ایک شخص ہلاک

مقامی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ یہ آگ سٹی کلینیکل ہسپتال کے وارڈ نمبر 50 میں لگی تاہم فوری طور پر آگ پر قابو کرلیا گیا جبکہ کورونا وائرس اور دیگر مریضوں کو دوسرے ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا۔

ایران میں وائرس کی نئی لہر کا خدشہ

ایران بھی دنیا میں شدید متاثرہ ممالک میں شامل ہے جہاں کورونا وائرس کے متاثرین میں کمی کے بعد ایک مرتبہ پھر اضافہ ہوگیا ہے۔

ایران کی حکومت نے خوزستان کے علاوہ دیگر تمام صوبوں اور شہروں میں لاک ڈاؤن میں نرمی کر رکھی ہے تاہم ایک ماہ بعد گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 51 ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی ہے۔

حکام کے مطابق ہلاکتوں کی یہ تعداد خطرناک ہے اور کورونا وائرس کی نئی لہر کا خدشہ ہے۔

ایران کی حکومت نے جنوبی صوبے خوزستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے پیش نظر بندشوں میں مزید سختی کردی ہے اور شہریوں کو گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ایران کی وزارت صحت کے ترجمان کیانوش جہانپور کا کہنا تھا کہ حالات کو کسی صورت معمولی نہیں کہا جاسکتا۔

مزید پڑھیں:ایوانکا ٹرمپ کی پرسنل سیکریٹری میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق

ایران میں اس وقت کورونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 7 ہزار 603 ہے جبکہ ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 6 ہزار 640 ہوچکی ہے۔

کورونا وائرس سے شدید متاثر ملک میں اب تک 86 ہزار 143 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

جرمنی میں لاک ڈاؤن میں نرمی کے ساتھ کیسز میں اضافہ

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق جرمنی میں پابندیوں میں نرمی کے فوری بعد کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور حکام کو خدشہ ہے کہ وائرس ایک مرتبہ پھر حملہ آور نہ ہوجائے۔

رابرٹ کوش انسٹی ٹیوٹ فار ڈیزیز کنٹرول کا کہنا تھا کہ نئے مصدقہ کیسز کی تعداد 667 ہے اور مجموعی تعداد بڑھ کر ایک لاکھ 69 ہزار 21 ہوگئی ہے۔

انسٹی ٹیوٹ کے مطابق 26 اموات رپورٹ ہوئی ہیں جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 7 ہزار 395 ہوگئی ہے۔

جرمنی میں صحت یاب ہونے والے متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 44 ہزار ہے جبکہ 19 ہزار 375 افراد اب بھی زیر علاج ہیں جن میں سے ایک ہزار 650 کی حالت تشویش ناک ہے۔

امریکا میں کورونا وائرس کی صورت حال

امریکا کورونا وائرس سے بدترین متاثر ہونے والا ملک ہے جہاں اب تک 13 لاکھ 48 ہزار 315 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے جن میں ایک ہزار 6 نئے کیسز بھی شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:کورونا کی ویکسین 2021 تک تیار نہیں ہوسکتی، عالمی ادارہ صحت

امریکا میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 80 ہزار 56 ہوگئی ہے جبکہ 2 لاکھ 38 ہزار 80 متاثرین صحت یاب ہوچکے ہیں اور 10 لاکھ 30 ہزار 179 مریض زیر علاج ہیں۔

نیویارک سب سے زیادہ متاثرہ ہونے والی ریاست ہے جہاں کیسز کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 43 ہزار 409 ہے اور ہلاکتوں کی تعداد بھی بڑھ کر 26 ہزار 771 ہوگئی ہے۔

نیو جرسی میں بھی کیسز کی تعداد ایک لاکھ سے زائد ہوگئی ہے اور اب تک کی رپورٹس کے مطابق مجموعی تعداد ایک لاکھ 38 ہزار 579 ہے اور اموات 9 ہزار 118 تک پہنچ گئی ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں