کورونا وائرس: آسکر ایوارڈز کی تقریب ملتوی کیے جانے کا امکان

اپ ڈیٹ 13 مئ 2020
آسکر ایوارڈز کی 93 ویں سالانہ تقریب 28 فروری 2021 کو ہونی ہے—فائل فوٹو: پاپ شگر
آسکر ایوارڈز کی 93 ویں سالانہ تقریب 28 فروری 2021 کو ہونی ہے—فائل فوٹو: پاپ شگر

دنیا بھر میں پھیلنے والی کورونا وائرس کی وبا کے باعث جہاں دنیا بھر میں سینما گھر بند کرکے فلموں کی شوٹنگ منسوخ کردی گئی اور فلموں کی ریلیز کو روک دیا گیا، وہیں اس کے باعث کانز فلم فیسٹیول سمیت دیگر فلمی تقریبات کو بھی منسوخ کردیا گیا ہے۔

تاریخ میں پہلی بار کسی بیماری کے باعث فلم انڈسٹری کی مصروفیات کو معطلی اور منسوخی کا سامنا ہے اور اس وبا کے باعث عالمی سطح پر فلم انڈسٹری کو 10 سے 15 ارب ڈالر کے نقصان کا خدشہ بھی ہے۔

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے لاک ڈاؤن نافذ کیے جانے کی وجہ سے جہاں گزشتہ چند ماہ سے دنیا میں فلموں کی نمائش نہیں ہو رہی، وہیں فلمی دنیا کے سب سے معتبر ایوارڈ آسکر نے بھی گزشتہ ماہ اپنے ضوابط میں ترامیم کرتے ہوئے ان فلموں کو بھی ایوارڈ کے لیے نامزد کرنے کا اعلان کیا تھا جنہیں کورونا کے باعث ریلیز نہیں کیا جا سکا۔

اور اب خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ ممکنہ طور پر آسکر ایوارڈز کی تقریب کو بھی چند ماہ کے لیے ملتوی کردیا جائے گا۔

برطانوی اخبار دی سن نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ فلمی دنیا کے سب سے معتبر فلمی ایوارڈ آسکر دینے والی کمیٹی دی اکیڈمی آف موشن پکچرز آرٹس اینڈ سائنس کے عہدیداروں نے ایوارڈز تقریب کو چند ماہ کے لیے ملتوی کرنے پر غور کرنا شروع کردیا۔

رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کے باعث رواں سال بہت متعدد بڑی فلموں کو ریلیز نہیں کیا جا سکا اور فلم اسٹوڈیوز اور پروڈکشن کمپنیز نے تجویز دی ہے کہ آسکر ایوارڈز کی تقریب کو چند ماہ کے لیے ملتوی کردیا جائے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ رواں سال جیمز بانڈ سیریز کی 25 ویں فلم سمیت کئی بڑی فلموں کی نمائش ملتوی کردی گئی اور ممکنہ طور پر فلموں کی نمائش کو مزید ملتوی کیے جانے کا امکان ہے اور یوں لگتا ہے کہ رواں سال کے آخر تک بھی بڑی فلموں کو ریلیز نہیں کیا جائے گا۔

کورونا کے باعث اگر بڑی فلموں کو رواں سال ریلیز ہی نہ کیا گیا تو آسکر کو نامزدگیوں میں مشکلات کا سامنا ہوگا اور اگر فلموں کو دسمبر 2020 اور جنوری 2021 میں ریلیز کرنا شروع کردیا گیا تو بھی اکیڈمی کو نامزدگیوں میں کچھ مشکلات ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیں: اس سال ریلیز نہ ہونے والی فلمیں بھی آسکر کے لیے نامزد ہوں گی

ابھی تک اگرچہ کسی بھی فلم اسٹوڈیو یا پروڈکشن ہاؤس نے واضح طور پر آسکر اکیڈمی کو ایوارڈز تقریب ملتوی کرنے کی درخواست نہیں کی اور نہ ہی اکیڈمی کے اعلیٰ عہدیداروں نے ایوارڈز تقریب کو ملتوی کرنے کا عندیہ دیا ہے، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر تقریب کو چند ماہ کے لیے ملتوی کیا جا سکتا ہے۔

عین ممکن ہے کہ ایوارڈز تقریب کو فروری کے بجائے اپریل یا مئی 2021 کو منعقد کیا جائے تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

اگر اس بار آسکر ایوارڈز کی تقریب کو چند ماہ کے لیے ملتوی کیا گیا تو یہ گزشتہ 93 سال میں پہلا موقع ہوگا کہ کسی بیماری کے باعث ایوارڈز تقریب کو ملتوی کیا جائے گا۔

آسکر ایوارڈز کی تقریب 28 فروری 2021 کو امریکی شہر لاس اینجلس میں ہونی ہے اور اس سال اس کی 93 ویں تقریب ہوگی۔

گزشتہ 92 سال میں صرف تین ایسے مواقع گزرے ہیں جب آسکر ایوارڈز کی تقریب کو زیادہ سے زیادہ ایک ہفتے اور کم از کم ایک دن کے لیے ملتوی کیا گیا تھا۔

سب سے پہلے 1938 میں آسکر ایوارڈز کی تقریب اس وقت ایک ہفتے کے لیے ملتوی کردی گئی تھی جب لاس اینجلس میں بدترین سیلاب آیا تھا۔

دوسری بار 1968 میں امریکی سیاستدان اور معروف سماجی رہنما مارٹن لوتھر کنگ جونیئر کی ہلاکت کے موقع پر ایوارڈز تقریب کو ایک ہفتے کے لیے ملتوی کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس کے باعث کانز فلم فیسٹیول ملتوی

اسی طرح آسکر ایوارڈز کی تقریب کو تیسری اور آخری بار 1981 میں ایک دن کے لیے اس وقت ملتوی کیا گیا تھا جب کہ امریکا کے 40 ویں صدر رونالڈ ریگن پر قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا۔

اس بار اگر آسکر ایوارڈز کی تقریب ملتوی کی گئی تو یہ پہلا موقع ہوگا کہ اسے کسی بیماری کے باعث ملتوی کیا جائے گا اور مجموعی طور پر آسکر کی تاریخ میں یہ چوتھا موقع جب کہ گزشتہ 40 سال میں پہلا موقع ہوگا۔

اس ایوارڈ کی پہلی تقریب 1929 میں ہوئی تھی اور اس کی تقریبات جنگ عظیم دوئم کے کشیدہ حالات میں بھی منعقد ہوتی رہی تھیں۔

دنیا کے تمام ممالک کے اداکاروں کی خواہش ہوتی ہے کہ انہیں زندگی میں کم از کم ایک آسکر ایوارڈ ضرور ملے، تاہم دنیا بھر کے لاکھوں اداکار و فلم ساز ایسے ہیں جنہیں آج تک یہ ایوارڈ نہیں ملا۔

تبصرے (0) بند ہیں