فیس بک نے ای کامرس کو فروغ دینے کے لیے اب تک کا اہم ترین فیچر شاپس کے نام سے متعارف کرادیا ہے۔

اس فیچر کے ذریعے کاروباری ادارے فیس بک اور انسٹاگرام پر مفت اسٹور فرنٹس تشکیل دے سکتے ہیں۔

منگل کی شب اس کا اعلان کیا گیا اور کمپنی کی زیرملکیت ایپس میں متعدد ای کامرس اقدامات بھی بتائے گئے۔

اس نئے فیچر کے ذریعے فیس بک کے اشتہارات پر مبنی کاروبار میں مزید بہتری آسکے گی اور آن لائن کامرس کمپنیوں جیسے ایمیزون، اے بے اور دیگر کو سخت ٹکر بھی دے سکے گی۔

ایک لائیو اسٹریم میں فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے کہا کہ ای کامرس کو توسیع دینا کورونا وائرس کی وبا دوران معیشت کی دوبارہ تعمیر کے لیے بہت ضروری ہے۔

انہوں نے کہا 'اگر آپ دکان یا ریسٹورنٹ کو کھول نہیں سکتے، تو بھی آن لائن آرڈرز لے کر سامان لوگوں تک پہنچاسکتے ہہیں، ہم نے اس وبا کے دوران متعدد چھوٹے کاروبار کو پہلی بار آن لائن بزنس کا حصہ بنتے دیکھا ہے'۔

یہ فیچر اس وقت متعارف کرایا گیا ہے جب دنیا کے مختلف ممالک میں گھروں تک محدود رہنے کے احکامات کے نتیجے میں ای کامرس کمپنیوں کی فروخت میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے جبکہ چھوٹے کاروباری اداروں کو تباہ کن اثرات کا سامان وہا ہے۔

مگر آن لائن کاروبار ایسے اداروں کے لیے امید کی کرن ہے جبکہ فیس بک کو اس کی بدولت اشتہارات، ادائیگیوں اور دیگر سروسز کی شکل میں نئے مواقع مل سکیں گے۔

کاروباری ادارے اپنی دکانوں کے لیے اشتہارات خرید سکیں گے اور جب لوگ فیس بک چیک پوائنٹ آپشن کو استعمال کریں گے تو ان سے فیس لی جائے گی۔

چھوٹے کاروباری افراد فیس بک پیجز اور انسٹاگرام پروفائلز میں صارفین کو تلاش کرسکیں گے اور فیس بک یا انسٹاگرام اسٹوریز میں بھی ان کے اشتہارات دکھائے جائیں گے۔

جو مصنوعات وہ فروخت کے لیے پیش کریں گے وہ شاپ فیچر میں نظر آئیں گی اور صارفین انہیں سیو آئٹمز میں رکھ سکیں گے یا آرڈر دے سکیں گے۔

فوٹو بشکریہ فیس بک
فوٹو بشکریہ فیس بک

کچھ کاروباری ادارے براہ راست فیس بک پر اشیا فروخت کرسکیں گے جبکہ دیگر کو اس کے لیے ایک بزنس ویب سائٹ بنانا ہوگی۔

اسی طرح ادارے میسنجر، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کے ذریعے بھی کسٹمر سپورٹ فراہم کرسکیں گے جبکہ فیس بک بتدریج چیٹ ونڈو میں اشیا کی خریداری کو یقینی بنانا چاہتی ہے۔

کمپنی کی جانب سے 2016 سے ای کامرس فیچرز پر کام کیا جارہا ہے، پہلے مارکیٹ پلیس کو متعارف کرایا گیا جس کا مقصد ایپ کے اندر اشیا کی خرید و فروخت میں مدد دینا تھا۔

2 سال بعد انسٹاگرام نے ایک خودمختار شاپنگ ایپ پر کام شروع کیا جس بعد میں ملتوی کردیا اور گزشتہ سال انسٹاگرام نے ان ایپ چیک پوائنٹ کا اضافہ کیا۔

شاپس فیچر منگل سے امریکا میں متعارف کرایا جارہا ہے اور آئندہ چند ہفتوں میں انسٹاگرام میں دستیاب ہوگا۔

رواں سال کسی وقت اس فیچر کو شاپنگ ٹیب کے نام سے نیوی گیشن بار میں شامل کیا جائے گا اور دیگر ممالک میں بھی متعارف کرایا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں