دنیا بھر میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد 55 لاکھ کے قریب پہنچ گئی

اپ ڈیٹ 26 مئ 2020
کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکا میں 16 لاکھ 62 ہزار 768 کیسز جبکہ 98 ہزار 223 متاثرین ہلاک چکے ہیں۔ فائل فوٹو:رائٹرز
کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکا میں 16 لاکھ 62 ہزار 768 کیسز جبکہ 98 ہزار 223 متاثرین ہلاک چکے ہیں۔ فائل فوٹو:رائٹرز

کورونا وائرس نے دنیا بھر کے ممالک کو بدستور اپنے لپیٹ میں لے رکھا ہے اور کیسز تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے جس کی وجہ سے اب تک مجموعی طور پر 54 لاکھ 98 ہزار 849 متاثر جبکہ 3 لاکھ 46 ہزار 326 مریض ہلاک ہوگئے ہیں۔

کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ملک امریکا ہے جہاں کیسز اور اموات کا سلسلہ کسی طور تھمنے میں نہیں آرہا اور اب تک مجموعی تعداد 16 لاکھ 62 ہزار 768افراد اس وائرس سے بیمار جبکہ 98 ہزار 223 متاثرین ہلاک ہوگئے ہیں۔

برازیل

برازیل میں کورونا وائرس سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 807 مزید ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں جس کے بعد کل تعداد 23 ہزار 473 ہوگئی۔

وزارت صحت کے ڈیٹا کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں 11 ہزار 687 کا اضافہ ہوا یوں مجموعی تعداد 3 لاکھ 74 ہزار 898 ہوگئی۔

مزید پڑھیں: ملک میں کورونا وائرس سے مزید 100 افراد متاثر، اموات ایک ہزار 182 ہوگئیں

لاطینی امریکا میں سب سے زیادہ کیسز برازیل میں سامنے آئے جو کیسز کی تعداد کے لحاظ سے اب دنیا میں امریکا کے بعد وائرس سے متاثرہ دوسرا بڑا ملک بن گیا ہے۔

بھارت

بھارت میں مسلسل 7 روز سے کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں خاصہ اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

ملک کی وزارت صحت نے بتایا کہ گزشتہ روز 6 ہزار 535 کیسز سامنے آئے جس کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 45 ہزار 380 ہوگئی جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار 167 تک جا پہنچی ہے۔

حکام کا کہنا تھا کہ صحت یابی کی شرح میں بھی 40 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

سب سے زیادہ وائرس کے کیسز بھارت کے وسط میں قائم دو ریاستوں مہاراشٹرا اور گجرات میں سامنے آئے۔

فلسطین

فلسطینی حکام کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے میں کورونا وائرس کی وجہ سے عائد پابندیوں کو کم کرنے کے بعد بیت المقدس کے چرچ آف دی نیٹیویٹی جو حضرت عیسیٰؑ کی جائے پیدائشی بتائی جاتی ہے، عبادت گزاروں اور سیاحوں کے لیے ایک بار پھر کھول دیا گیا۔

وبا کے حوالے سے تشویش پر چرچ میں ایک وقت میں صرف 50 افراد کو اندر آنے کی اجازت ہوگی اور ان کا داخلے پر ماسک پہننا لازمی ہوگا۔

اس چرچ کو بیت لحم کی وزارت سیاحت نے 5 مارچ کو بند کیا تھا۔

پیر کے روز فلسطین کے وزیر اعظم نے کہا تھا کہ مساجد، گرجاگھر اور کاروبار منگل کے روز سے کھول دیے جائیں گے۔

جرمنی

جرمنی میں سماجی دوری کے احکامات میں 29 جون تک توسیع کرنے کے لیے دستاویزات تیار کرلیے گئے جسے ریاست کی جانب سے منظور کیا جانا باقی ہے۔

جرمن حکومت کے ترجمان نے اس پیش رفت کی تصدیق کی۔

یہ بھی پڑھیں: عید کے بعد لاک ڈاؤن کے فیصلے پر نظرثانی کرنا پڑے گی، ظفر مرزا

جرمن اخبار نے بتایا کہ ان دستاویزات کے تحت زیادہ سے زیادہ دو خاندان یا 10 افراد ایک جگہ پر اکٹھے ہوسکتے ہیں۔

آسٹریلیا

آسٹریلوی وزیر اعظم اسکاٹ موریسن کا کہنا تھا کہ ملک ’مستقبل قریب‘ میں اپنی سرحدیں نہیں کھولے گا۔

انہوں نے بتایا کہ نیوزی لینڈ کے ساتھ سفری راہداری کے معاملے پر بات چیت جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’میں وزیر اعظم جیسینڈا آردرن کے ساتھ گفتگو کر رہا تھا اور اس سفری زون کے حوالے سے بات چیت جاری رکھیں گے‘۔

سعودی عرب

سعودی عرب نے مکہ کے علاوہ تمام شہروں میں کرفیو میں نرمی کا اعلان کردیا۔

سرکاری خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مقامی وقت کے مطابق سہہ پہر 3 سے صبح 6 بجے تک کرفیو نافذ ہوگا۔

کہا گیا کہ 31 مئی سے 20 جون تک مکہ کے علاوہ مساجد میں نماز کی اجازت بھی دی جائے گی تاہم مکہ میں کرفیو اور باجماعت نماز پر پابندیوں میں 21 جون کے بعد سے نرمی کی جائے گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں